Urdu book · ڈائری

آغازِ کلام

Urdu book, p. 419

By Maulana Wahiduddin Khan

صدام حسین کے کویت پر قبضہ کے بعد امریکہ کی فوجیں دو لاکھ کی تعداد میں سعودی عرب کی سر زمین پر اتر گئی ہیں۔ ان میں مرد بھی ہیں اور عورتیں بھی۔ امریکہ کے مسلمان عام طور پر اس کے مخالف تھے کہ امریکہ اپنی فوجیں عرب کی مقدس سرزمین پر اتارے۔ ۲۹ نومبر کو سیکیورٹی کونسل نے ایک رزولوشن کے ذریعہ امریکہ کو یہ حق دے دیا کہ ۱۵ جنوری ۱۹۹۱ء تک اگر عراق اپنی فوجیں کویت سے نہ نکالے تو امریکہ عراق کے اوپر حملہ کر سکتا ہے۔ اس کے بعد امریکہ کے مسلمانوں کا غصہ اور بھی زیادہ بڑھ گیا۔ اس فیصلے کے خلاف بیانات، تقریریں اور مظاہرے ہوئے۔ میں نے ایک مسجد میں تقریر سنی۔ اس میں کہا گیا تھا کہ ہم نے جو حلف (Oath) لے کر امریکی شہریت قبول کی ہے اس میں لکھا ہوا ہے کہ جنگ کی صورت پیش آنے پر ہم امریکی فوج میں شامل ہو کر اس کے لئے لڑیں گے۔ اب اگر جنگ چھڑتی ہے تو امریکی مسلمانوں کو خلیج کے مسلمانوں کے خلاف لڑنے پر مجبور کیا جائے گا اور یہ اسلام میں حرام ہے۔ ان تجربات کے بعد میرا قیاس ہے کہ امریکہ کے ۶ ملین مسلمان جو امریکہ کو دنیوی جنت سمجھ کر یہاں مقیم ہو گئے تھے۔ اور شہریت کا حلف دے کر یہاں کے شہری بن گئے تھے اب یہاں ان کے لئے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ جنگ کی صورت میں اگر وہ امریکی فوج میں شامل ہو کر لڑیں تو وہ شریعت کی خلاف ورزی کریں گے اور اگر وہ اس سے انکار کریں تو وہ امریکی حلف کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائیں گے۔ مسلمان اب تک یہاں عزت کے ساتھ رہ رہے تھے۔ مگر مجھے اندیشہ ہے کہ اب وہ یہاں بے عزت ہو جائیں گے۔ برطانیہ کے مسلمان سلمان رشدی کے معاملہ میں تخریب کا انداز اختیار کر کے برطانیہ میں حقیر ہو چکے ہیں۔ اب امریکہ کے مسلمانوں کے لئے بھی غالباً یہی مستقبل ان کا انتظار کر رہا ہے۔ لا قَدَّرَ الله ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page