آغازِ کلام
Urdu book, p. 420
By Maulana Wahiduddin Khan
۳۰ نومبر کو میں کیلی فورنیا (امریکہ) میں تھا۔ وہاں صغیر اسلم صاحب کی رہائش گاہ پر ایک اجتماع ہوا۔ یہاں کی اصطلاح کے مطابق یہ اجتماعی کھانا (Potlunch) کی تقریب کے تحت تھا۔ کھانے کے بعد مجھ سے تقریر کی فرمائش کی گئی۔ میں نے کہا کہ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کا مسئلہ دشمنانِ اسلام کا مسئلہ نہیں۔ اس کی وجہ تمام تر مسلمانوں کی اپنی بے شعوری ہے۔ اس سلسلہ میں مختلف تقابلی مثالیں دیں۔ ان میں سے ایک مثال یہ تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بدر کے قیدیوں کے ذریعہ اسلام کا پہلا اسکول قائم کیا۔ حالانکہ یہ قیدی سب کے سب مشرک اور دشمن تھے۔ موجودہ زمانہ میں یہ حال ہے کہ نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر عبد السلام نے حکومتِ پاکستان کو یہ پیش کش کی کہ پاکستان میں اعلیٰ سائنسی تعلیم کے لئے ادارہ قائم کیا جائے، اور وہ کم معاوضہ پر اس میں اپنی خدمت انجام دیں گے۔ مگر حکومت پاکستان نے اس پیش کش کو اس بنا پر رد کر دیا کہ ڈاکٹر عبد السلام قادیانی ہیں۔ کچھ پاکستانی حضرات جو اب امریکی شہری بن چکے ہیں انھوں نے کہا کہ ”پاکستانی حکومت نے صحیح کیا۔ کیوں کہ ڈاکٹر عبد السلام کو اگر وہاں پر وفیسر کی حیثیت سے بلایا جاتا تو وہ پاکستان میں قادیانیت پھیلاتے“۔ میں نے کہا کہ خود آپ لوگ پاکستان کو اسلام کا قلعہ بتاتے ہیں۔ پھر یہ کیسا قلعہ ہے جو ایک نہتے آدمی کے مقابلہ میں بھی اپنا بچاؤ کرنے سے عاجز ہے۔ یکم دسمبر ۱۹۹۰ ابو سفیان اصلاحی صاحب (علی گڑھ) پاکستان گئے۔ وہاں انھوں نے لاہور میں مو لانا امین احسن اصلاحی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جو باتیں ہوئیں اس کا ایک جزو یہ تھا: مولانا امین احسن اصلاحی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایک مرتبہ جب مولانا حسین احمد مدنی مدرسۃ الاصلاح میں آئے تو میں انھیں رخصت کرنے کے لئے اسٹیشن تک گیا۔ اس دوران سیاست ہی موضوع بحث رہی۔ میں نے مولانا سے کہا کہ آپ جو کچھ کر رہے ہیں، اس کے مسلمانوں پر اچھے اثرات نہیں پڑیں گے۔ اس کے جواب میں مولانا حسین احمد مدنی نے فرمایا کہ تم مجھے پہلے انگریزوں کو ٹھکانے لگانے دو، اس کے بعد سارے مسائل طے کر دوں گا

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader