آغازِ کلام
Urdu book, p. 427
By Maulana Wahiduddin Khan
تقریر کے بعد غیر مسلم سامعین پر بہت اچھا اثر پڑا، حتی کہ اپنے قریب بیٹھے ہوئے ایک عیسائی نوجوان کو میں نے یہ کہتے ہوئے سنا کہ مجھے اپنے موجودہ عقیدہ پر شک ہوگیا ہے۔ اب مجھے اسلام کے بارہ میں پھر سے مطالعہ کرنا ہوگا۔ مگر تقریر ختم ہوتے ہی مسلمانوں نے اٹھ اٹھ کر بے معنی سوالات شروع کر دئیے۔ یہ سوالات سب کے سب جارحانہ اور مناظرانہ قسم کے تھے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ڈاکٹر صدیقی کی تقریر سے جو فضا بنی تھی، وہ فضا بالکل برباد ہوگئی۔ حتی کہ میں نے دیکھا کہ کئی غیر مسلم اٹھ اٹھ کر چلے گئے۔ موجودہ زمانہ کے مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ "دشمنان اسلام" کی سازشیں نہیں ہیں بلکہ خود مسلمانوں کی یہ کمزوری ہے کہ ان کے اندر جارحانہ انداز پیدا ہوگیا ہے۔ یہ جارحانہ انداز اسلام کی اشاعت و ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ میرے نزدیک اس جارحانہ انداز کی سب سے بڑی ذمہ داری ان نااہل لیڈروں پر ہے جنہوں نے موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے اندر دعوتی مزاج بنانے کے بجائے سیاسی اور جہادی مزاج بنایا۔ ۱۴ دسمبر ۱۹۹۰ آج جمعہ کا دن تھا۔ میں نے مقامی مسجد میں جمعہ کی نماز پڑھی۔ آخری رکعت میں قنوت نازلہ پڑھی گئی۔ اس میں دوسری باتوں کے ساتھ یہ الفاظ بھی تھے : اَللَّهُمَّ اخرجِ الْيَهُودَ والنصارى من جزيرةِ العَرَبِ (اے اللہ یہود و نصاریٰ کو عرب سے نکال دے) پچھلے چار مہینے سے عراق کے صدر صدام حسین کی فوجیں کویت پر قبضہ کر کے بیٹھی ہوئی ہیں۔ عربوں کے بیان کے مطابق، وہ سعودی عرب پر بھی قبضہ کرنا چاہتی ہیں۔ چنانچہ سعودی عرب اور کویت نے مشترکہ درخواست کے ذریعہ امریکہ (نصرانی قوم) کو اپنی حفاظت کے لئے عرب کی سرزمین پر بلایا ہے۔ سعودی عرب اور کویت کا خیال ہے کہ امریکہ کی موجودگی عرب دنیا میں ضروری ہے، ورنہ صدام حسین ہم کو کھا جائے گا۔ دوسری طرف ہماری مسجدوں میں یہ دعائیں ہو رہی ہیں کہ نصرانی قوم عرب کی سرزمین کو خالی کر دے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader