Urdu book · ڈائری

آغازِ کلام

Urdu book, p. 432

By Maulana Wahiduddin Khan

انسان جب اپنی کسی پسندیدہ چیز سے enjoy کرنا شروع کرتا ہے تو کچھ دیر کے بعد اس کی اپنی استعداد کی حد (limit) آ جاتی ہے۔ یہ حد اس کو اس کیفیت میں مبتلا کر دیتی ہے جس کو اکتا ہٹ کہا جاتا ہے۔ آدمی جب کسی چیز سے اکتا تا ہے تو اس لئے نہیں اکتاتا کہ اس چیز میں اس کے لئے لطف باقی نہیں رہتا۔ وہ صرف اس لئے اکتاتا ہے کہ اس کی اپنی محدودیت اس کے لئے مزید enjoy کرنے میں رکاوٹ بن گئی تھی۔ جنت میں آدمی کو ابدی زندگی حاصل ہوگی۔ وہاں آدمی کی محدودیتیں (Limitations) ختم ہو جائیں گی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ آدمی کے اندر لذیذ چیزوں سے enjoy کرنے کی لامحدود طاقت پیدا ہو جائے گی۔ اس کے بعد اکتا ہٹ میں مبتلا ہونے کا کوئی سوال ہی نہیں۔ ۲۲ دسمبر ۱۹۹۰ موتی رام صراف کے لڑکے برج بھوشن کا ۵۴ سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ہندو رواج کے مطابق آج ان کے یہاں "رسم پگڑی" تھی۔ میں نے اس میں شرکت کی۔ موتی رام کے مکان (قردل باغ) کے پاس ایک پارک میں شامیانہ لگایا گیا۔ اس کے نیچے لوگ جمع ہوئے۔ غالباً ایک ہزار کی تعداد میں ہوں گے۔ جب میں ان کے درمیان بیٹھا ہوا تھا تو مجھے خیال آیا کہ یہ ہندو بھائی اس ملک میں اتنی بڑی تعداد میں ہیں، مگر سیکڑوں سال سے مسلمانوں میں کوئی ایک بھی ایسی تحریک نہیں اٹھی جس کا مقصد یہ ہو کہ ہندوؤں تک خدا کے سچے دین کی دعوت پہنچائی جائے۔ البتہ ہر مسجد اور ہر اجتماع میں ان کی ہلاکت کی دعائیں ہو رہی ہیں۔ ہر جگہ اللهم اهلك الكفرة والمشركين پر آمین کہی جا رہی ہے۔ میری آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔ میں نے کہا کہ خدا تو جنت کے دروازہ پر اپنے بندوں کے استقبال کے لئے کھڑا ہوا ہے، اور مسلمان ان کو جہنم میں دھکیل دینا چاہتے ہیں۔ آہ وہ مسلمان جن کا حال یہ ہے کہ ہدایت کے لئے عملی محنت کرنا تو درکنار، وہ نیت کے درجہ میں بھی لوگوں کی ہدایت کے طالب نہیں۔ یہ سب دعوتی مزاج کے فقدان کا نتیجہ ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page