Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 11

By Maulana Wahiduddin Khan

پہلا قول ایک نادان انسان کا قول ہے، اور دوسرا قول ایک دانا انسان کا قول۔ عربی مجلہ الرابطہ (مکہ) کے شمارہ صفرا ۱۴۱۱ ھ ، ستمبر ۱۹۹۰ میں کسی عالم کا قول نقل کیا ہے کہ : اِنَّ مِنَ السُّكُوتِ مَا هُو اَبْلَغُ مِنَ الجواب البعض خاموشی جواب سے زیادہ بلیغ ہوتی ہے، میں اس قول کو نہایت صحیح اور حکیمانہ سمجھتا ہوں۔ ۱۳ جنوری ۱۹۹۱ اردو اخبار قومی آواز اپنے ایڈیٹوریل کے اوپر ایک مختصر عبارت نقل کرتا ہے۔ اسی طرح انگریزی اخبار ٹائمس آف انڈیا میں ہر روز ایڈیٹوریل کے اوپر ایک مختصر عبارت شائع کی جاتی ہے۔ میں قومی آواز کی عبارت کو کبھی نہیں پڑھتا ، مگر ٹائمس آف انڈیا کی عبارت کو ضرور پڑھتا ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ قومی آواز میں ہر روز ایک شعر نقل کیا جاتا ہے۔ اور ٹائمس آف انڈیا میں ہر روز ایک حکیمانہ قول۔ ٹائمس آف انڈیا (۱۲ جنوری) میں ایڈیٹوریل کے اوپر یہ فقرہ نقل کیا گیا ہے اعتماد کا نہ ہونا مشکلات کی بنا پر نہیں ہوتا ، خود مشکلات اعتماد نہ ہونے کے سبب سے آتی ہیں : Lack of confidence is not the result of difficulty, the difficulty comes from lack of confidence. (Seneca) مشکلات زندگی کا جزو ہیں۔ کوئی مشکل اس وقت مشکل بنتی ہے جب آدمی کے اندر خود اعتمادی باقی نہ رہے اور وہ مشکل کا سامنا کرنے کا حوصلہ کھو دے۔ مشکل اور زندگی اسی طرح ایک دوسرے کا ناقابل تقسیم حصہ ہیں جس طرح کانٹا اور پھول۔ ہم کانٹے کو پھول سے جدا نہیں کر سکتے۔ اسی طرح یہ بھی ممکن نہیں کہ مشکل کو زندگی سے جدا کر دیا جائے ۔ اگر آدمی زندگی کی اس حقیقت کو جان لے تو وہ مشکل کو دیکھ کر فریاد نہیں کرے گا بلکہ اس کو عین فطری سمجھ کر اپنے عمل کا نقشہ بنائے گا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page