Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 139

By Maulana Wahiduddin Khan

کلی تردید سمجھیں گے اور تعبیر کی غلطی کو شائع نہیں کریں گے۔ اس کو پڑھ کر انہوں نے اپنا تاثر اس طرح نوٹ کیا؛ موجبہ کلیہ کی نقیض سالبہ جزئیہ ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ پیش کش بتا رہی تھی کہ ' تعبیر کی غلطی ' کا مصنف انتہائی سنجیدہ اور انتہائی سائنٹفک ذہن کا آدمی ہے۔ مگر مولانا مودودی نے اس کی قدر نہ کی۔ شاید صرف اس لئے کہ اس نے مولانا موصوف پر تنقید کر دی تھی۔ ۳۰ ستمبر ۱۹۹۱ لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام یہ بتاتے ہیں کہ آپ کو معراج ہوئی۔ مگر میں سمجھتا ہوں کہ آپ کے اوپر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا اور سب سے عجیب انعام یہ تھا کہ آپ کو ایک ' خیرامت ' عطا کی گئی۔ ڈھائی ہزار سالہ منصوبہ بندی کے ذریعہ آپ کے لئے ایک قوم بنائی گئی جس کو مارگولیتھ نے بجاطور پر ہیرویوں کی قوم (a nation of heroes) بتایا ہے۔ یہ لوگ وہ ہیں جن کو ہم عزت کے ساتھ اصحاب رسول کہتے ہیں۔ ایسی صفات والے لوگ نہ پہلے کبھی تاریخ میں پائے گئے اور نہ اس کے بعد۔ یکم اکتوبر ۱۹۹۱ ہندوستان کے ایک بزرگ عالم عرصہ سے مدینہ میں مقیم تھے۔ وہ کچھ دنوں کے لئے دہلی آئے تو ہندوستان کے مختلف مقامات سے لوگ ان کی زیارت کے لئے ٹوٹ پڑے۔ ان میں سے ایک صاحب سے میری ملاقات ہوئی۔ میں نے کہا کہ بزرگ کی زیارت کے لئے آپ لوگ دور دور سے چلے آ رہے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی درخت کی پتی کی بھی زیارت کی۔ کیا آپ نے کائنات میں خدائی نشانیوں کو دیکھنے کے لئے بھی کوئی سفر کیا۔ انہوں نے میرے الفاظ کو اس طرح سنا جیسے کہ میں کسی نامعلوم زبان میں بول رہا ہوں۔ کیسے عجیب ہیں وہ لوگ جو مخلوق کی عظمتوں میں گم ہوں مگر خالق کی عظمتوں کی انہیں کوئی خبر نہ ہو۔ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے درمیان بہت سے انقلابی مفکرین اٹھے ہیں۔ لاکھوں لوگ ان کی تقریروں اور تحریروں سے متاثر ہیں۔ ان کے نزدیک اہل ایمان کا سب سے بڑا

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page