ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 312
By Maulana Wahiduddin Khan
بار بار نگاہ ڈال کر دیکھو۔ نگاہ نا کام تھک کر تمہاری طرف واپس آجائے گی (الملک ۔ ۴) قرآن کی ان آیتوں کو پڑھتے ہوئے احساس ہوا کہ زمین و آسمان خدا کی یونیورسل پلاننگ ہیں۔ انسان ایک چھوٹا سا پلان بناتا ہے مگر تجربہ کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ اس میں نقائص موجود تھے۔ مگر خدا نے کائناتی سطح پر ایک منصوبہ بنایا اور ارب ہا ارب سال گزرنے کے باوجود آج تک اس منصوبہ میں کوئی نقص ظاہر نہ ہوسکا۔ آدمی جب اس حیرت انگیز واقعہ پر غور کرتا ہے تو بے اختیار اس کی زبان سے نکل جاتا ہے: فتبارک اللہ احسن الخالقین۔ ۱۱ اکتوبر ۱۹۹۲ تبلیغی جماعت کے ایک صاحب نے شکایت کے انداز میں کہا کہ تبلیغ کی ایک بہت بڑی کمی یہ ہے کہ تعلیم یافتہ طبقہ اس کے ساتھ نہیں جڑا۔ میں نے کہا کہ جو ہو رہا ہے، یہی ہو سکتا ہے۔ آپ نے اپنی پوری جماعت کا ڈھانچہ عوامی نقطہ نظر سے بنایا ہے۔ ایسی حالت میں عوام ہی اس سے جڑ سکتے ہیں۔ اس کے مقابلہ میں ہم نے اپنی تحریک کا پورا نقشہ خواص کے اعتبار سے بنایا ہے، اس لئے ہماری تحریک میں زیادہ تر خواص کا طبقہ جڑ رہا ہے۔ ایسی حالت میں نہ آپ کو یہ شکایت ہونی چاہئے کہ اہل علم کا طبقہ آپ کے ساتھ نہیں جڑا۔ اور نہ ہم کو یہ شکایت ہونا چاہئے کہ عوام ہمارے ساتھ نہیں جڑے۔ اگر آپ تعلیم یافتہ طبقہ کو اپنے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے ڈھانچہ میں تبدیلی کرنی پڑے گی۔ اسی طرح ہم اگر عوام کو اپنی تحریک میں جوڑنا چاہیں تو ہم کو اپنی تحریک کا نقشہ بدل دینا پڑے گا۔ اس تبدیلی کے بغیر دونوں طرف ایسا ہو ناممکن نہیں۔ ۱۲ اکتوبر ۱۹۹۲ کسی وجہ سے میرے ذہن میں یہ آگیا کہ آج تیرہ تاریخ ہے۔ بعد کو کیلنڈر دیکھا تو معلوم ہوا کہ آج اکتوبر کی بارہ تاریخ ہے۔ میں نے سوچا کہ کیلنڈر اس قسم کی غلطی نہیں کرتا مگر انسان ایسی غلطی کر جاتا ہے۔ پھر کیا کیلنڈر انسان کے مقابلہ میں افضل ہے: ظاہر ہے کہ کوئی بھی شخص یہ نہیں کہے گا کہ کیلنڈر کا رتبہ انسان سے زیادہ ہے۔ اس سے معلوم ہو کہ غلطی کرنا کسی سے کم مرتبہ ہونے کی دلیل نہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader