ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 316
By Maulana Wahiduddin Khan
مذکورہ واقف کار کی بات انڈیا جیسے ملک کے لئے صحیح ہے ، مگر وہ عمومی طور پر صحیح نہیں۔ جاپان، جرمنی، چین اور روس کے سفیر عام طور پر زیادہ اچھے لہجہ میں انگریزی نہیں بول پاتے۔ اس کے باوجود واشنگٹن میں ان کو زبردست مقام حاصل رہتا ہے۔ اصل یہ ہے طاقت ور ملک کا سفیر، خواہ جیسی بھی زبان بولے ، وہ غیر ملک میں اہم سمجھا جائے گا۔ مگر کمزور اور غیر ترقی یافتہ ملک کے سفیر کے پاس اس قسم کا زور نہیں ہوتا۔ اس لئے اس کے پاس اپنے کو قابل لحاظ بنانے کی واحد صورت یہ ہوتی ہے کہ وہ اچھے لہجہ میں انگریزی بولنا جانتا ہو۔ ۲۰ اکتوبر ۱۹۹۲ اہل مدینہ کے ایک طبقہ نے یزید بن معاویہ کی بیعت کرنے کے بعد بیعت توڑ دی۔ مگر کچھ لوگوں نے اپنا عمامہ سر سے اتار کر پھینکا اور کہا کہ میں نے اس طرح یزید کی بیعت اتار دی جیسے میں نے اپنا یہ عمامہ سر سے اتار دیا۔ کچھ لوگوں نے اپنے پاؤں کا جوتا نکال کر پھینک دیا اور کہا کہ میں نے اس طرح یزید کی بیعت اتار دی جس طرح میں نے اپنا جوتا اتار دیا۔ حتی کہ وہاں بہت سے عمامہ اور جوتے اکٹھا ہو گئے۔ (حتی اجتمع شيئ كثير من العمائم والنغال هناك)، البدایہ والنہایہ ۲۱۸/۸ اس کے بعد یزید نے دس ہزار کی فوج مدینہ بھیجی اور وہ واقعہ پیش آیا جس کو واقعہ حرہ کہا جاتا ہے۔ فوج کے سردار مسلم بن عقبہ کو ہدایات دیتے ہوئے یزید نے جو باتیں کہیں ان میں سے ایک یہ تھی جب تم ان پر غالب آجاؤ تو مدینہ کو تین دن تک مباح رکھو (واذا ظهرت عليهم فأبح المدينة ثلاثة أيام أكف عن الناس)، البداية والنهاية ۲۱۹/۸ شیعہ حضرات نے ان الفاظ کو لے کر یہ کہنا شروع کر دیا کہ یزید نے مدینہ کی عورتوں کو ان کے لئے مباح کر دیا۔ اور یہ کہ مدینہ کی ایک ہزار عورتیں اس کے بعد حاملہ ہوگئیں۔ حالاں کہ یہ سب لغو ہے۔ اس جملہ میں مباح رکھنے سے مراد قتل کو مباح رکھنا ہے نہ کہ عورتوں سے تعلق کو مباح رکھنا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader