ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 317
By Maulana Wahiduddin Khan
عبد الرحمان انٹولے صاحب نے ایک واقعہ بتایا جس کو انھوں نے اخبار میں پڑھا تھا۔ ۱۹۳۵ء کے لگ بھگ زمانہ میں ایک مسلمان بچی نے کپڑے پر کڑھائی کے ذریعہ ہونے والے پاکستان کا نقشہ بنایا اور اس کو مسٹر جناح کو ہدیہ پیش کیا۔ مسٹر جناح نے اس کو اپنی جیب میں رکھ لیا۔ اس کے بعد وہ کسی میٹنگ میں تھے۔ ایک شخص نے کہا کہ جناح صاحب آپ ملک کا بٹوارہ کر رہے ہیں، اس سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو گا۔ آپ ملک کو متحدہ روپ میں آزاد کرائیے متحدہ ہندوستان مسلمانوں کے لئے کہیں زیادہ مفید ہوگا۔ جناح صاحب نے اپنی جیب سے مذکورہ رومال نکالا اور لوگوں کو دکھاتے ہوئے کہا: پاکستان کی تحریک اب چھوٹی بچیوں تک پہنچ چکی ہے ۔ اس نوبت تک پہنچ جانے کے بعد اگر میں پاکستان کی تحریک کو واپس لینے کا اعلان کروں تو قوم خود مجھ کو رد کر دے گی اور دوسرا جو شخص بھی پاکستان کا نعرہ لے کر اٹھے گا اس کے پیچھے دوڑ پڑے گی۔ ۲۲ اکتوبر ۱۹۹۲ ایک مثل اکثر زبانوں میں پایا جاتا ہے۔ انگریزی زبان میں وہ اس طرح ہے کہ پہلی چیز پہلے کی جاتی ہے: First thing comes first. کسی بھی عمل کے لئے یہ اصول بے حد اہم ہے، اسی کو تدریج کہا جاتا ہے۔ ترتیب و تدرنج کا طریقہ اختیار کئے بغیر اس دنیا میں کوئی کامیابی ممکن نہیں۔ ۲۳ اکتوبر ۱۹۹۲ مشہور سومنات مندر کو محمود غزنوی نے ۲۵ - ۱۰۲۴ء میں توڑا تھا۔ اس کے بعد اس کے ساتھ مختلف واقعات ہوتے رہے۔ یہاں تک کہ آزادی کے بعد ۱۹۵۱ء میں حکومت ہند نے اپنے خرچ پر اس کو سابق انداز میں تعمیر کرایا۔ ۱۹۵۱ء میں جب حکومت اس مندر کو بنوا رہی تھی تو ایک مسلمان شاعر نے یہ شعر کہا : پھر بنایا جا رہا ہے سومنات اک نیا محمود پھر آنے کو ہے

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader