ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 318
By Maulana Wahiduddin Khan
اس شعر میں جس ذہن کی نمائندگی کی گئی ہے اس کو بہت سے نادان مسلمان حمیت اسلامی سمجھتے ہیں۔ حالاں کہ باعتبار حقیقت وہ حمیت جاہلی کے سوا اور کچھ نہیں۔ ایک مسلمان لیڈر نے تقریر کرتے ہوئے ، ۱۹۴۷ میں ملک کی تقسیم کی زبردست مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ تقسیم ہماری تاریخ کی سب سے زیادہ فاش غلطی تھی۔ Partition was the biggest blunder. مگر انھوں نے تقسیم کی اصل ذمہ داری ہندوؤں پر ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ بٹوارہ کی تجویز سب سے پہلے لالہ لاجپت رائے نے پیش کی۔ انھوں نے کئی قسطوں میں اپنا ایک آرٹیکل پائونیر میں چھپوایا جس میں کہا گیا تھا کہ بنگال اور پنجاب کی آبادی کے اعتبار سے تقسیم کر دیا جائے۔ کیوں کہ ہندو اور مسلمان دونوں ایک ساتھ نہیں رہ سکتے۔ وغیرہ۔ انھوں نے کہا کہ بٹوارہ کے ذمہ دار مسلمان اس وقت نہ ہوتے جب کہ لالہ لاجپت رائے کی تجویز کو رد کر دیتے۔ مگر جب انھوں نے مسٹر جناح کی قیادت میں اس تجویز کو بہت بڑی اکثریت کے ساتھ قبول کر لیا تو اس کے ذمہ دار مسلمان ہوں گے نہ کہ ہندو۔ ۲۵ اکتوبر ۱۹۹۲ ایک صاحب سے گفت گو کے دوران میں نے کہا کہ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے تمام لکھنے اور بولنے والے مسلمانوں کے اوپر دوسری قوموں کے مظالم کی داستان بیان کرتے ہیں۔ یہ بات بذات خود صحیح ہے کہ مسلمان اس وقت ہر جگہ دوسری قوموں کے مظالم کی زد میں ہیں۔ مگر یہ تنبیہہ خداوندی ہے نہ کہ ظلم اغیار۔ مسلمانوں نے ان واقعات کو ظلم اغیار کے خانہ میں ڈال رکھا ہے اس لئے ان کے اندر صرف احتجاج کا ذہن ابھر رہا ہے۔ اگر وہ ان واقعات کو تنبیہہ خداوندی سمجھتے تو ان کے اندر اصلاح خویش کا جذبہ پیدا ہوتا۔ ۲۱ اکتوبر ۱۹۹۲ کو میں بذریعہ ٹرین بھوپال پہنچا۔ اسٹیشن پر کلی سا تھی موجود تھے۔ ان کے ساتھ باہر کی طرف روانہ ہوا۔ گیٹ پر پہنچا جہاں ریلوے کا آدمی مسافروں سے ٹکٹ وصول کرنے

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader