ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 323
By Maulana Wahiduddin Khan
ایک صاحب سے گفتگو کرتے ہوئے میں نے کہا کہ بعض الزامات ظاہر کے اعتبار ہی سے غلط ہوتے ہیں۔ مثلاً ایک باپ کے دو بیٹے ہیں۔ آپ باپ کو اس بات کا ملزم ٹھہرائیں گے کہ وہ ایک بیٹے کا زیادہ خیال کرتا ہے اور دوسرے کا کم۔ تو یہ بات اپنے ظاہر کے اعتبار سے ہی بے بنیاد ہوگی۔ کیوں کہ یہ فطرت کے خلاف ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کوئی باپ اس پر تلا در نہیں کہ وہ اپنے دو حقیقی بیٹوں میں فرق کرے۔ بہت سے الزامات ایسے ہوتے ہیں کہ اگر الزام دینے والا غور کرے تو وہ دوسرے کے اوپر وہ الزام عائد نہ کرے۔ ۷ اکتوبر 1992 رائے ونڈ پاکستان میں تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع ہو رہا ہے دو مسلمان دہلی کے باہر سے آئے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ رائے ونڈ کے اجتماع میں جا رہے ہیں۔ مگر سوال و جواب کے دوران کھلا کہ اصل میں وہ تجارتی مقصد سے پاکستان جا رہے ہیں۔ رائے ونڈ کے اجتماع میں شرکت کا بہانہ انھوں نے اس لئے بنایا کہ ان کا خیال تھا کہ اس طرح پاکستان کا سفارت خانہ انھیں آسانی سے ویزا دے دے گا۔ مجھے طبعی طور پر ایسے لوگوں سے سخت وحشت ہوتی ہے۔ آدمی کو ایسا ہونا چاہئے کہ اس کے دل اور اس کی زبان میں فرق نہ ہو۔ وہ جو کچھ کہے وہی کرے، اور وہ وہی کہے جو اسے کرنا ہے۔ 8 اکتوبر 1992 ایک مسلم نوجوان نے اپنی ڈائری دی اور کہا کہ اس پر نصیحت لکھ دیجئے۔ میں نے یہ جملہ لکھ دیا: زندگی نام ہے ناموافق حالت کو موافق حالت میں تبدیل کرنے کا۔ 9 نومبر 1992 بیرونی دنیا میں ناگپور کا تصور یہ ہے کہ وہ آرایس ایس کا گڑھ ہے۔ مگر ناگپور کے قیام کے دوران میں نے شہر میں آرایس ایس کی کوئی چھاپ نہیں دیکھی۔ حتی کہ ناگپور میں گائے کا گوشت کھلے بازار میں بکتا ہے۔ مگر آرایس ایس والوں نے کبھی اس کے خلاف کوئی بڑا پروٹسٹ نہیں کیا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader