Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 324

By Maulana Wahiduddin Khan

میرا خیال ہے کہ موجودہ زمانہ کے اکثر فتنہ اخبارات پھیلاتے ہیں۔ ہندوستان میں بدقسمتی سے صحافت کے نام پر جو چیز آئی وہ زرد صحافت تھی۔ یہی زرد صحافت ہمارے اکثر مسائل کی ذمہ دار ہے۔ انھیں اخباروں کے ذریعہ غلط فہمیاں پھیلتی ہیں اور آخر کار فساد کا سبب بن جاتی ہیں۔ ۱۰ نومبر ۱۹۹۲ ۸ نومبر کو میں ناگپور گیا تھا۔ وہاں سے ۱۰ نومبر کو واپس آیا۔ ناگپور مہاراشٹر اسٹیٹ کا ایک شہر ہے۔ مہاراشٹر میں مسلمانوں نے اردو اسکول کثرت سے قائم کئے ہیں۔ یہاں کے اکثر تعلیم یافتہ مسلمان وہ ہیں جنھوں نے ابتدا اردو اسکول میں تعلیم پائی۔ اس کے بعد مزید تعلیم حاصل کی۔ مہاراشٹر میں اردو اسکولوں کی کثرت بہت اچھی ہے۔ مگر اس کے بعض ناموافق پہلو بھی ہیں۔ مثلاً میں نے ناگپور میں دیکھا کہ یہاں کے تعلیم یافتہ مسلمانوں کے ذہن پر ادبی اور شعری اند از غالب ہے۔ گفتگو یا تقریر میں وہ کثرت سے اردو اشعار پڑھتے ہیں۔ اردو تعلیم کا یہ نقصان ہوا کہ ان کی فکر سطحی ہو کر رہ گئی۔ میرا خیال ہے کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ رسمی تعلیم وہ عام اسکولوں اور کالجوں میں حاصل کریں اور اردو زبان وہ بچوں کو گھر پر پڑھائیں۔ ۱۱ نومبر ۱۹۹۲ ٹائمس آف انڈیا نے اپنے آج کے شمارہ میں سوامی ویویکانند کا یہ قول نقل کیا ہے کہ ہر چیز سچائی کے لئے قربان کی جاسکتی ہے، مگر سچائی کو کسی بھی چیز کے لئے قربان نہیں کیا جا سکتا : Everything can be sacrificed for truth, but truth cannot be sacrificed for anything. یہ بات کہنے میں بہت شاندار ہے مگرکرنے میں وہ انتہائی مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر آدمی اس قسم کی بات کہتا ہے مگر کوئی اس پر عمل نہیں کرتا۔ مثلاً سوامی ویویکانند نے اسلام کا مطالعہ کیا۔ ان پر اسلام کی صداقت منکشف ہوئی ۔ مگر انھوں نے اسلام کو قبول نہیں کیا۔ کیوں کہ اس میں انھیں اپنے قومی مذہب کو قربان کرنا پڑتا۔ یہی وجہ ہے کہ تاریخ میں ایسے لوگ بہت کم ملتے ہیں جنھوں نے قربانی کی سطح پر اپنے عقیدہ کو ملنے کا ثبوت دیا ہو۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page