Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 325

By Maulana Wahiduddin Khan

ڈاکٹر عبد الکلیم عویس دہلی آئے اور یہاں چند دن مقیم رہے۔ وہ مصری ہیں اور ریاض کی جامعۃ الامام میں استاذ ہیں۔ ان سے گفتگو کے دوران میں نے کہا کہ دوسرے علما سے میرا کوئی اعتقادی اختلاف نہیں۔ میرے عقائد عین وہی ہیں جو اہل سنت والجماعت کے عقائد ہیں۔ دوسروں سے میرا اختلاف صرف ایک معاملہ میں ہے۔ اور وہ نزاع کا معاملہ ہے۔ موجودہ زمانہ میں مسلمان ہر جگہ دوسروں سے لفظی یا عملی نزاع چھیڑے ہوئے ہیں۔ ان نزاعات کو میں سراسر باطل سمجھتا ہوں۔ اس وقت ہمارے کرنے کا کام صرف ایک ہے، اور وہ وسیع معنوں میں دعوت ہے۔ دعوت کا کام نزاع کے ماحول میں نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے موجودہ حالات میں ہر قسم کے نزاع کو میں مطلق طور پر قابل اجتناب سمجھتا ہوں۔ مثلاً الاخوان المسلمون نے مصر میں حکمرانوں سے نزاع کی۔ جماعت اسلامی نے پاکستان میں حکمرانوں سے نزاع کی۔ الجزائر میں وہاں کی اسلامی جماعت نے اپنے حکمرانوں سے نزاع کی۔ ان تمام نزاعات کو میں باطل سمجھتا ہوں۔ ان ملکوں میں دعوت و اصلاح کے میدان میں کام کرنے کے لئے بے پناہ امکانات موجود تھے۔ مگر وہ سیاسی نزاعات کی وجہ سے برباد ہو گئے۔ اسی طرح فلپائن ، اراکان ، بوسنیا ، کشمیر وغیرہ میں اسلامی جہاد کے نام پر جو نزاع جاری ہے اس کو میں سراسر باطل سمجھتا ہوں۔ ان علاقوں میں غیر سیاسی دائرہ میں کام کرنے کے مواقع مکمل طور پر موجود تھے۔ مگر مسلمان ان مواقع کو استعمال نہ کر کے سیاسی ٹکراؤ میں مشغول ہو گئے۔ میرے نزدیک یہ سب فساد ہے نہ کہ جہاد۔ اسی طرح ہندوستان کے مسلمان یہاں کی ہند و اکثریت سے نزاع کی حالت قائم کئے ہوئے ہیں۔ یہاں کے مسلمانوں کے لئے لازم تھا کہ وہ نزاع کے مواقع سے یکطرفہ طور پر اعراض کرتے ہوئے غیر سیاسی دائرہ میں دعوت و اصلاح کا کام کریں۔ مگر یہاں کے مسلمان بار بار ہندوؤں سے نزاعی میدان میں الجھتے رہتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں یہاں کام کے مواقع برباد ہو رہے ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page