ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 328
By Maulana Wahiduddin Khan
ساڑھے دس بجے رات کو اچانک یہ خیال آیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ امت محمدی دوسری امتوں سے زیادہ گمراہ ہو جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ میری امت کو ایسے حالات سے سابقہ پیش آئے گا جس میں خیارات (options) کی تعداد بہت بڑھ جائے گی۔ اس لئے فرقوں کی تعداد بھی اس میں زیادہ بنے گی۔ میرے ساتھ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ اچانک ایسے خیالات میرے ذہن میں وارد ہوتے ہیں جو بالکل نئے ہوتے ہیں۔ جن کا کوئی ماخذ سابق میں موجود نہیں ہوتا۔ ۱۸ نومبر ۱۹۹۲ ۱۸ نومبر کے تحت میں نے جو اندراج کیا ہے اس پر مزید غور کرتے ہوئے میرے ذہن میں آیا کہ میرے ساتھ یہ بے حد عجیب معاملہ ہے کہ میرے دماغ میں اکثر ایسے خیالات آتے ہیں جو انتہائی نئے ہوتے ہیں۔ میرے ذہن پر بہت سی ایسی چیزیں منکشف ہوئی ہیں جن سے پوری معلوم تاریخ خالی ہے۔ میری معلومات کے مطابق، پوری اسلامی تاریخ میں کوئی بھی ایسا شخص نہیں جس پر اتنی زیادہ مقدار میں نئی حقیقتیں منکشف ہوئی ہوں۔ نئے مسائل بتانے والے تو بہت ہیں مگر نئی حقیقتوں کا انکشاف کرنے والا کوئی نہیں۔ ایک طرف یہ انتہائی عجیب معاملہ ہے۔ دوسری طرف میرا احساسِ عجز اتنا بڑھا ہوا ہے کہ میں اپنے آپ کو فی الواقع تمام انسانوں میں سب سے کمتر سمجھتا ہوں۔ میری کیفیت یہ ہے کہ اگر آسمان سے آواز آئے کہ تمام پیدا ہونے والے انسان بخش دئے گئے تب بھی میرا اندیشہ ختم نہیں ہوگا تب بھی میں شاید سوچوں گا کہ ہر عموم میں استثناء ہوتا ہے۔ کیا معلوم اس عموم میں ایک انسان کا استثناء ہو، اور وہ استثناء میرا ہی ہو۔ ۱۹ نومبر ۱۹۹۲ ضیاء الرحمان نیر دہلوی سے بات کرتے ہوئے میں نے کہا کہ تحریکیں دو قسم کی ہوتی ہیں۔ ایک اصلاحی تحریک، دوسرے انقلابی تحریک۔ اصلاحی تحریک کا نشانہ فرد ہے، اور انقلابی تحریک کا نشانہ سسٹم۔ اصلاحی تحریک فرد کی سوچ کو بدلنے پر اپنی ساری طاقت خرچ کرتی ہے، اور انقلابی تحریک کی ساری کوشش یہ ہوتی ہے کہ مروجہ سسٹم کو توڑے، تاکہ اس کی جگہ دوسرا نظام قائم کیا جاسکے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader