Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 331

By Maulana Wahiduddin Khan

میرا خیال ہے کہ موجودہ کے مسلمان سب سے زیادہ جس حقیقت سے بے خبر ہیں وہ یہی عظیم حقیقت ہے۔ موجودہ زمانے کے مسلمان صرف ٹھاٹھ کو بہادری سمجھتے ہیں۔ وہ اس سے بے خبر ہیں کہ سب سے بڑی بہادری صبر ہے۔ حتیٰ کہ خود مصنف کتاب کا بھی اس میں استثنا نہیں۔ چنانچہ "المرتضیٰ" کے ٹائٹل پیچ پر جو چیز سب سے زیادہ نمایاں کی گئی ہے وہ ایک تلوار کی تصویر ہے۔ ۲۴ نومبر ۱۹۹۲ ڈاکٹر عبد العلیم عویس، ریاض کی جامعۃ الامام میں استاد ہیں۔ وہ دہلی آئے اور ایک ہفتہ قیام کر کے آج واپس گئے۔ وہ مسلسل مجھ پر یہ زور دیتے رہے کہ میں تنقیدی انداز چھوڑ دوں اور صرف مثبت طور پر اپنی دعوت پیش کروں۔ وہ اپنی گفتگوؤں میں ایک طرف دعوت کی اہمیت بتاتے رہے اور اسی کے ساتھ کشمیر سے لے کر بوسنیا تک اعداء اسلام کے مظالم کا ذکر بھی کرتے رہے۔ میں نے کہا کہ آپ لوگ تضاد میں جی سکتے ہیں اس لئے تنقید آپ لوگوں کی ضرورت نہیں۔ میں تضاد میں نہیں جی سکتا، اس لئے تنقید میری ضرورت ہے۔ آپ جن لوگوں کو دشمن قوم کہتے ہیں وہ سب میرے نزدیک مدعو قو میں ہیں۔ داعی کی حیثیت سے ہمارے لئے جائز ہی نہیں کہ ہم ان کے خلاف سیاسی اور قومی جنگ چھیڑیں۔ کیوں کہ اس قسم کی جنگ سرے سے دعوت کا ماحول ہی ختم کر دیتی ہے۔ وہ کشمیر اور بوسنیا میں مسلمانوں پر مظالم کی داستان بتانے لگے۔ میں نے کہا کہ یہ غیر عادلانہ کلام ہے۔ کیوں کہ کشمیر اور بوسنیا جیسے ملکوں میں "ظلم" اس وقت شروع ہوا جب کہ وہاں کے مسلمانوں نے بغاوت کی۔ اور باغیوں کے خلاف ہمیشہ یہی سلوک کیا جاتا ہے۔ میں نے کہا کہ آپ کے لئے یہ ممکن ہے کہ آپ ایک طرف دعوت کا نام لیں اور اسی کے ساتھ کشمیر اور بوسنیا کے مسلمانوں کے اقدام کی تائید کریں۔ مگر میں ان مسلمانوں پر تنقید کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ کیوں کہ میں ان کے اس اقدام کو دعوت کے خلاف سمجھتا ہوں۔ ۲۵ نومبر ۱۹۹۲ ایک صاحب سے موجودہ زمانہ کے دینی اداروں کے بارہ میں گفتگو ہوئی۔ انھوں نے ان اداروں کے کام کو غیر معیاری اور مایوس کن بتایا۔ میں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ دینی

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page