Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 332

By Maulana Wahiduddin Khan

اداروں کے لئے اعلیٰ صلاحیت کے لوگ نہیں ملتے۔ جو افراد کار آمد ہیں وہ قابل حصول نہیں، اور جو قابل حصول ہیں وہ کار آمد نہیں۔ قدیم زمانہ میں دینی اداروں کو بھی اعلیٰ صلاحیت کے افراد مل جاتے تھے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ قدیم زمانہ میں کام کی صورتیں بہت محدود تھیں ۔ مگر موجودہ زمانہ میں کام کی بے شمار نئی نئی اعلیٰ صورتیں پیدا ہو گئی ہیں۔ با صلاحیت افراد کو یہ صورتیں مادی اعتبار سے پرکشش معلوم ہوتی ہیں۔ وہ ان کی طرف چلے جاتے ہیں۔ اس کے بعد دینی اداروں کے لئے وہی افراد رہ جاتے ہیں جو صلاحیت کے اعتبار سے زیادہ بلند نہیں۔ اس دنیا میں کوئی اعلیٰ کام اعلیٰ صلاحیت کے لوگ ہی کر سکتے ہیں، کم تر صلاحیت کے لوگ کبھی کوئی بڑا کام نہیں کر سکتے۔ ۲۶ نومبر ۱۹۹۲ مسلم مصنفین عام طور پر شخصی ریمارک اور علمی تنقید میں کوئی فرق نہیں کرتے۔ اسلامی لٹریچر کی تاریخ میں شاید ہی کوئی شخص ملے جو خالص علمی تنقید کا ذوق رکھتا ہو۔ یہ روایت ہمارے یہاں غالباً محدثین کے اثر سے آئی ہے۔ محدثین نے راویوں کی جانچ میں زیادہ تر ثقہ یا غیر ثقہ ہونے کے اعتبار سے کلام کیا ہے۔ محدثین کو اپنے مقصد کے لئے یہی کرنا تھا۔ یہ ان کی ایک ضرورت تھی۔ مگر بدقسمتی سے یہی انداز بعد کو بھی اسلامی تاریخ میں جاری ہو گیا۔ چنانچہ پوری اسلامی تاریخ میں کوئی مصنف ایسا نہیں ملتا جس نے شخصی ریمارک کے طریقہ کو چھوڑ کر خالص علمی تجزیہ کے انداز میں تنقید کو اختیار کیا ہو۔ یہ کہنا مبالغہ نہ ہوگا کہ اسلامی لٹریچر کی تاریخ میں الرسالہ نے پہلی بار علمی تنقید کا آغاز کیا ہے۔ کچھ لوگ الرسالہ کی تنقیدوں پر غصہ ہوتے ہیں۔ حالاں کہ اگر وہ کھلے ذہن کے تحت سوچیں تو وہ الرسالہ کی تنقیدوں کو اپنے لئے ایک نعمت سمجھیں گے۔ کیوں کہ الرسالہ کے ذریعہ پہلی بار انہیں یہ جاننے کا موقع مل رہا ہے کہ علمی تنقید یا منطقی تجزیہ کس چیز کا نام ہے۔ اس اعتبار سے الرسالہ اسلام کی علمی تاریخ میں ایک غلط روایت کی تصحیح ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ سے ہجرت کر کے مدینہ پہنچے تو وہاں آپ نے ایک

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page