Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 333

By Maulana Wahiduddin Khan

تقریر کی ۔ اس پہلی تقریر میں آپ نے فرمایا کہ اے لوگو، آگ سے بچو، خواہ کھجور کے ایک ٹکڑے کے ذریعہ کیوں نہ ہو ( اتقوا النار ولو بشق تمرة ) اس قول رسول میں شق تمرہ کا لفظ علامتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی چیز جو تمہارے پاس ہو، اس کے ذریعہ اپنے آپ کو جہنم کی آگ سے بچانے کی کوشش کرو۔ مومن وہ ہے جو موت اور قیامت اور حساب کو سوچ کر تڑپ اٹھے۔ اس کے پاس جو کچھ بھی ہے اس کو وہ اللہ کے خرچ کرکے کہے کہ خدایا، میرے پاس بس یہی شق تمرہ ہے۔ میں اس کو تیری راہ میں دیتا ہوں۔ تو مجھے بخش دے۔ اللہ تعالیٰ کو اصل میں جو چیز مطلوب ہے وہ یہ احساس ہے نہ کہ شق تمرہ یا خزانہ شاہی۔ ۲۸ نومبر ۱۹۹۲ ایک ہزار سال سے علماءِ اسلام کے درمیان یہ بحث ہے جواب تک ختم نہیں ہوئی کہ ایمان قول کا نام ہے یا قول اور عمل دونوں کا۔ کسی نے تطبیق دیتے ہوئے کہا کہ ایمان نام ہے زبان سے کہنے کا، دل سے تصدیق کرنے کا اور اعضاء وجوارح سے عمل کرنے کا۔ مگر میرے نزدیک زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ یہ کہا جائے کہ ایمان نام ہے معرفت کا۔ کوئی چیز جب معرفت کے درجہ میں حاصل ہو جائے تو وہ کسی حد پر نہیں ٹھہرتی۔ وہ لازمی طور پر پوری شخصیت میں شامل ہو جاتی ہے۔ انسانی شخصیت کے ہر جزء سے اس کا ظہور ہوتا ہے۔ معرفت زبان سے قول بن کر نکلتی ہے۔ قلب کے احساسات بے تابانہ طور پر اس کے ساتھ شریک ہو جاتے ہیں۔ پورا جسم مجبور ہوتا ہے کہ وہ اس کی تعمیل میں سرگرم ہو جائے۔ ۲۹ نومبر ۱۹۹۲ ڈاکٹر مہیش شرما کا تعلق آر ایس ایس سے ہے۔ آج وہ ملاقات کے لئے آئے۔ انھوں نے بتایا کہ میں نے ایک آرٹیکل میں لکھا کہ ہندوئوں کو اپنی سوچ بدلنا چاہئے۔ مثلاً جینی اگر کوئی غلطی کرے تو اس کو ہم ہندو کی غلطی سمجھتے ہیں اور اس کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اگر مسلمان غلطی کرے تو اس کو غیر کی غلطی سمجھ لیتے ہیں اور اس کو سبق سکھانا چاہتے ہیں۔ یہ فرق صحیح نہیں۔ اسی طرح انھوں نے آرایس ایس کی میٹنگ میں کہا کہ آپ لوگ اکھنڈ بھارت بنانا چاہتے ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page