ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 338
By Maulana Wahiduddin Khan
مثالوں کی بنیاد پر تحریک چلانے کا یہ فائدہ ہے کہ اس میں عوام کی بھیڑ نہایت آسانی کے ساتھ جمع ہو جاتی ہے۔ مگر دوسرا نقصان یہ ہے کہ ذہین طبقہ اس سے کٹ جاتا ہے۔ کیوں کہ ذہین طبقہ کا ذہن علمی اور تجزیاتی ہوتا ہے، وہ اس قسم کی مثالوں سے متاثر نہیں ہوتا۔ ۶ دسمبر ۱۹۹۲ آج غالب اکیڈمی کے ایک سمپوزیم میں شرکت کی۔ وہاں کے ایک اسپیکر مسٹر عبداللہ طارق تھے۔ انھوں نے تقریر کے دوران بتایا کہ جب میں مسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں پڑھتا تھا تو وہاں ایک ہندو طالب علم ہر لیش سے میری دوستی ہوگئی۔ ہم دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب ہو گئے۔ میں اکثر اس کے گھر جاتا۔ اور وہ بھی اکثر میرے گھر آتا۔ ایک روز ہر لیش کی دادی نے میرے بارے میں کہا: طارق تو ایسا ہے کہ ذرا بھی مسلمان نہیں لگتا۔ ٹھیک یہی بات میری نانی نے ہر لیش کے بارہ میں کہی۔ کئی بار اس کو دیکھنے کے بعد ایک روز انھوں نے کہا: ہر لیش کو دیکھو وہ ذرا بھی ہندو نہیں لگتا۔ یہ ایک علامتی واقعہ ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس ملک میں اصل مسئلہ کیا ہے۔ یہاں اصل مسئلہ یہ ہے کہ دو قومی نظریہ اور بٹوارہ کی تحریک نے ہندوئوں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے سے دور کر دیا۔ اب ایک دوسرے کو جاننے کے بارہ میں ذاتی تعلقات اور واقفیت کی بنیاد نہ رہی بلکہ افواہیں اور اخباری خبریں ایک دوسرے کو جاننے کا ذریعہ بن گئیں۔ ورنہ اگر باہمی تعلقات باقی رہتے تو مسلمانوں کو معلوم ہوتا کہ ہر ہندو ‘ہر لیش‘ ہے اور ہندوئوں کو معلوم ہوتا کہ ہر مسلمان ’طارق‘ ہے۔ ۷ دسمبر ۱۹۹۲ دار العلوم دیوبند کے تحت ایک عربی جریدہ نصف شہر یہ ۱۶ سال سے نکل رہا ہے۔ اس کے شمارہ ۲۵ نومبر ۱۹۹۲ کے صفحہ اول پر ایک مضمون ہے۔ اس کا عنوان ہے: اھل الباطل يصدون واهل الحق يختلفون (اہل باطل متحد ہیں اور اہل حق مختلف ہورہے ہیں) دو صفحہ کے اس مضمون میں بڑے جذباتی انداز میں مسلمانان عالم کے موجودہ مسائل، مثلاً فلسطین، افغانستان، برما، سری لنکا، صومالیہ، بوسنیا، ہندوستان کا ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ہر

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader