ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 341
By Maulana Wahiduddin Khan
اچاریہ منی سوشیل کمار نے آج اپنے آشرم (نئی دہلی) میں ہندوؤں اور مسلمانوں کی ایک میٹنگ رکھی تھی۔ ٦ دسمبر کو بابری مسجد کے ڈھائے جانے کے بعد آجکل ملک میں جگہ جگہ تشدد اور فساد ہورہا ہے۔ میٹنگ کا مقصد اس صورت حال پر غور کرنا تھا۔ میٹنگ میں شاہد صدیقی صاحب نے کہا کہ جن ہندوؤں نے ایودھیا کی بابری مسجد کو ڈھایا ہے وہ کہہ رہے ہیں کہ ایودھیا کو کہیں ہندوؤں کا مکہ بنانا ہے ، اس لئے ہم اس کو لوٹ کر رہے ہیں۔ اچاریہ منی سوشیل کمار نے مسکراتے ہوئے کہا: مکہ تو بن جائے گا پر امام کون ہوگا۔ ان کا مطلب یہ تھا کہ ہندوؤں میں اتنے زیادہ فرقے ہیں۔ اور ہر فرقہ اپنا الگ پیشوا مانتا ہے۔ ایسی حالت میں ہندوؤں کے مکہ کا ایک امام بنایا جا نا ممکن نہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہندو مذہب میں کتنا نہ زیادہ اختلاف ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہندوؤں کا موجودہ اتحاد مسلم دشمنی کے جذبہ پر قائم ہے۔ اگر مسلم دشمنی میدان سے ہٹ جائے تو اس کے بعد یقیناًوہ ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے۔ ۱۱ دسمبر کے تمام اخبارات میں صفہ اول پر یہ نمایاں خبر تھی کہ حکومت نے پانچ جماعتوں پر پابندی لگادی ہے۔ ان کے نام یہ ہیں ـــــ ہندو وشو پریشد، آرایس ایس، بجرنگ دل، جماعت اسلامی ہند، آئی ایس ایس (اسلامک سیوک سنگھ) میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کسی جماعت پر بین لگانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ آر ایس ایس پر اس سے پہلے جواہر لال نہرو نے ۱۹۴۸ میں بین لگایا۔ پھر اندرا گاندھی نے ۱۹۷۵ میں اس پر بین لگائی۔ ان دونوں پابندیوں سے آر ایس ایس کو کچھ بھی نقصان نہیں پہنچا۔ پھر تیسری بار کے بین سے کیا نقصان پہنچے گا۔ اسی طرح جماعت اسلامی پر ایمرجنسی کے زمانہ میں ۱۹۷۵ میں بین لگایا گیا تھا۔ مگر جماعت اسلامی کے بڑھنے میں وہ رکاوٹ نہ بن سکا۔ یہی اس دوسرے بین کا حال بھی ہوگا۔ موجودہ زمانے میں کسی تحریک پر بین لگانا، ہمیشہ برعکس نتیجہ پیدا کرتا ہے۔ وہ اس کی ترقی میں اضافے کا سبب بن جاتا ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader