Urdu book · ڈائری 1991-1992

ڈائری 1991-1992

Urdu book, p. 343

By Maulana Wahiduddin Khan

ٹوٹ چکا ہے۔ اب مسلمانوں کو اس ملک میں ہندوؤں کا ماتحت بن کر اپنا دعوتی کام انجام دینا ہوگا۔ اگر مسلمانوں نے اب بھی اپنی ذمہ داری ادا نہ کی تو اس کے بعد کیا ہوگا، قلم کو اس کے لکھنے کی طاقت نہیں۔ ۱۵ دسمبر ۱۹۹۲ مکہ سے ایک عربی اخبار "عالم اسلامی" شائع ہوتا ہے۔ وہ ہمارے یہاں آتا ہے۔ مگر اکثر تاخیر سے پہنچتا ہے۔ اس کے شمارہ ۲۰ ستمبر ۱۹۹۲، صفحہ ۱۰ پر ایک جذباتی مضمون ہے۔ اس کا عنوان ہے: ایها المسلمون اتحدوا (اے مسلمانو، متحد ہو جاؤ) اس طرح کے مضامین موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے تمام اخباروں میں برابر چھپتے رہتے ہیں۔ ان کے ہر اجتماع میں اس قسم کی باتیں کی جاتی ہیں۔ مگر عملی اتحاد ایک فیصد کے بقدر بھی ان کے درمیان قائم نہ ہو سکا۔ اس کی وجہ بالکل سادہ ہے۔ اتحاد ہمیشہ کسی مشترک مقصد کے لئے قائم ہوتا ہے۔ موجودہ زمانہ کے مسلمانوں کے سامنے کوئی مشترک مقصد نہیں، اس لئے ان کے درمیان اتحاد بھی نہیں۔ مشترک مقصد وہی چیز بن سکتی ہے جو ممکن بھی ہو۔ کوئی غیر ممکن مقصد کبھی مشترک مقصد کا درجہ حاصل نہیں کر سکتا۔ ۱۶ دسمبر ۱۹۹۲ آر ایس ایس کے ایک لیڈر ڈاکٹر شرما ملاقات کے لئے آئے۔ ان سے گفتگو کے دوران میں نے کہا کہ ہمارے دیش میں جو ہندو مسلم جھگڑا جاری ہے وہ دیش کی ترقی کے لئے رکاوٹ ہے۔ آخر یہ کیسے ختم ہو۔ اس سلسلہ میں مختلف تجویزیں پیش کرتے ہوئے آخر میں میں نے کہا کہ ایسا ہو کہ ہندوستان میں مسلمان اسی طرح بے مسئلہ بن کر رہنے لگیں جس طرح پاکستان میں ہندو بے مسئلہ بن کر رہتے ہیں تو کیا یہاں ہندو مسلم جھگڑا ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے فوراً کہا: ہاں ہندو مسلم جھگڑا تو ختم ہو جائے گا، مگر اس کے بعد اس سے بھی زیادہ بڑا جھگڑا کھڑا ہو جائے گا، اور وہ ہند و ہندو جھگڑا ہو گا۔ یہ بات ہندوؤں کے اور بھی کئی سمجھ دار لوگ کہہ چکے ہیں۔ مثلاً گرمی لامین نے یہی بات انگریزی

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page