ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 348
By Maulana Wahiduddin Khan
جاتے ہیں۔ گھر کے تمام مرد اور عورتیں اور بچے جمع ہو جاتے ہیں۔ گرو صاحب وہاں سنسکرت میں کچھ دعائیہ کلمات پڑھتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ سب کی جے ہو، سب کلیان ہو، سب کشل منگل کے ساتھ ہو۔ میں نے سوچا کہ یہ لوگ جس آدمی کو خدا سمجھ رہے ہیں، وہ ان کے سامنے موجود ہے۔ وہ براہِ راست ان کو آشیرواد دے رہا ہے۔ گویا جو چیز وہ چاہتے ہیں وہ عملاً انہیں مل رہی ہے۔ یہاں چاہنے اور پانے میں کوئی فاصلہ نہیں ہے۔ اس کے برعکس جو شخص خدائے واحد کو خدا کہتا ہے وہ ایک غیبی ہستی سے اپنی امیدیں وابستہ کرتا ہے۔ وہ ایسی ہستی سے برکت لینا چاہتا ہے جو اس کے سامنے یہ کہنے کے لئے موجود نہیں کہ میں نے تم کو برکت دے دی۔ خدا پرست اپنے خدا سے مانگتا ہے مگر اس کو یہ شبہ لگا رہتا ہے کہ معلوم نہیں میرے خدا نے مجھ کو دینا منظور کیا یا نہیں کیا۔ گویا انسان کو خدا کا درجہ دینے والے کا معاملہ "نقد" ہوتا ہے اور خدا کو خدا بنانے کا معاملہ "ادھار"۔ اسی فرق کی بنا پر ایک سکون اور آنند میں رہتا ہے، اور دوسرا درد اور بیچینی میں۔ یہ منظر ہند و اور مسلمان دونوں کے اندر دیکھا جا سکتا ہے۔ ۲۷ دسمبر ۱۹۹۲ ایک مسلمان سے ہندوستانی سیکولرزم پر بات ہوئی۔ انہوں نے یہاں کے سیکولرزم کو برا کہنا شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سیکولرزم بالکل ڈھونگ ہے۔ اس سے مسلمانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ وغیرہ۔ میں نے کہا کہ آپ جیسے لوگوں کی شکایت کا سبب یہ ہے کہ آپ ہندوستانی سیکولرزم کو اپنے مفروضہ آئیڈیل سے ناپتے ہیں۔ حالانکہ اس دنیا میں آئیڈیل کبھی حاصل نہیں ہوتا۔ اس دنیا میں آدمی کو آئیڈیل سے کم (Less than ideal) پر راضی ہونا پڑتا ہے۔ اسی کا نام زندگی ہے۔ جو لوگ آئیڈیل سے کم پر راضی ہو جائیں وہ ہمیشہ کامیاب رہیں گے۔ اور جو لوگ آئیڈیل سے کم پر راضی نہ ہوں، وہ وہی لوگ ہیں جو شکایتیں کرتے رہتے ہیں اور پھر نا کام ہو کر رہ جاتے ہیں۔ انصاف دراصل عملی انصاف کا نام ہے ۔ کیوں کہ تصوراتی انصاف کا حصول ممکن ہی نہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader