ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 349
By Maulana Wahiduddin Khan
میں نے جنگجوئی چھوڑ دی۔ اب میں دوبارہ داخلے کر میڈیکل تعلیم حاصل کر رہا ہوں۔ اس طرح کے ہزاروں نوجوان ہیں جن کو اللہ کے فضل سے الرسالہ کے ذریعہ فکری رہنمائی ملی ہے۔ اصل یہ ہے کہ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے تمام لکھنے اور بولنے والے صرف جہاد کی باتیں کرتے رہے۔ کسی نے بھی تعمیر کی بات نہیں کی۔ اس لئے پوری قوم کا مزاج بگڑ گیا۔ اب لوگ صرف لڑنے بھڑنے کو کام سمجھتے ہیں۔ ان کی سمجھ میں نہیں آتا کہ اس کے سوا بھی کوئی کام ہے جس میں وہ اپنے آپ کو مشغول کر لیں۔ ۲۹ دسمبر ۱۹۹۲ ہمارے پڑوس میں ایک مسلمان نے ایک مکان خریدا۔ یہ مکان انہیں ۳۶ لاکھ روپیہ میں ملا۔ مگر اس مکان کے اوپر ایک ہندو کرایہ دار تھا۔ وہ ایک غلط آدمی تھا۔ سابق مالک سے اس کی مقدمہ بازی ہوئی۔ مگر مالک مکان ہار گیا۔ آخر کار اس نے اپنا مکان بیچ دیا۔ یہ سابق مالک مکان ہندو تھا۔ موجودہ مالک مکان ایک مسلمان ہے۔ موجودہ مالک نے کچھ لوگوں سے مشورہ کیا۔ ہر ایک نے یہ مشورہ دیا کہ آپ اس کرایہ دار کو کچھ رقم دے کر مکان خالی کرا لیں۔ اب اس کے سوا آپ کے لئے اور کوئی صورت نہیں۔ وہ ڈیڑھ لاکھ روپیہ دینے کے لئے تیار ہوئے۔ مگر کرایہ دار راضی نہیں ہوا۔ اس نے مختلف طریقوں سے پریشان کرنا شروع کیا۔ آخر کار چھ لاکھ روپئے دے کر اس نے مکان خالی کیا۔ موجودہ مالک مکان سے ملاقات ہوئی تو وہ شکایت کرنے لگے۔ انھوں نے کہا کہ یہ مکان تو بہت مہنگا پڑ گیا۔ میں نے کہا کہ موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق اس مکان کی قیمت ۶۰ لاکھ روپیہ ہے۔ آپ کو وہ مکان ۳۶ لاکھ میں اس لئے ملا تھا کہ اس کے اوپر ایک کرایہ دار قبضہ کئے ہوئے تھا۔ اس طرح مزید چھ لاکھ روپیہ دے کر بھی وہ آپ کو ۴۲ لاکھ روپیہ میں پڑا ہے۔ پھر آپ اس کو مہنگا کس لئے بتاتے ہیں ــ اسی کا نام سوچ کی غلطی ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader