ڈائری 1991-1992
Urdu book, p. 350
By Maulana Wahiduddin Khan
محمد اسلم صاحب (دہلی) نے ایک انگریزی مضمون کا ذکر کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ مغربی تہذیب ہر مذہب کی جدید نسلوں کو ان کے آبائی مذہب سے دور کر رہی ہے۔ ہر سال ۲۵ فیصد نوجوان اپنے باپ دادا کے مذہب سے بیگانہ ہوجاتے ہیں۔ اسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اقبال نے کہا تھا : نہیں شفق مغربی افق پر یہ جوٹے خوں ہے یہ جوٹے خوں ہے۔ میں نے اس سے اختلاف کیا۔ میں نے کہا کہ مغربی تہذیب ہمارے لئے ایک نعمت تھی۔ غور کیجئے کہ مغربی تہذیب لوگوں کو مذہب سے دور کرنے کے کیا کہ رہی تھی۔ وہ ان کو اس مذہب سے دور کر رہی تھی جو ان کو اپنی قومی روایات کے ذریعہ ملتا تھا۔ مگر کوئی بھی تہذیب کسی کو اس کی فطرت سے دور نہیں کر سکتی۔ گویا کہ مغربی تہذیب آدمی کو قومی مذہب کے خول سے نکال کر اس کو اس کی اصل فطرت پر لارہی تھی۔ اس طرح مغربی تہذیب ہمارے لئے نیا دعوتی امکان کھولنے کے ہم معنی تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ مغربی تہذیب نے جو عمل کیا، وہ نئی صورت میں عین وہی عمل تھا جو قدیم زمانہ میں صحرائے عرب میں کیا گیا تھا۔ جب کہ بنو اسماعیل کو قدیم مشرکانہ تہذیب سے منقطع کر کے انہیں صحرا کے ماحول میں آباد کیا گیا۔ آدمی جب اپنے قومی مذہب سے ہٹتا ہے تو وہ اپنی پیدائشی فطرت پر آجاتا ہے۔ اس طرح وہ اسلام کے قریب پہنچ جاتا ہے، کیوں کہ اسلام دین فطرت ہے۔ ۳۱ دسمبر ۱۹۹۲ آج اس سال کا آخری دن ہے۔ آج کا صفحہ لکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کہ میں خود اپنی زندگی کا آخری صفحہ لکھ رہا ہوں۔ اس دنیا میں آدمی کی زندگی بالکل غیر یقینی ہے کسی بھی لمحہ اس کی موت آسکتی ہے۔ اس لئے ہر دن آدمی کا آخری دن ہے۔ مگر بہت کم لوگ ہیں جو اس حقیقت کا زندہ شعور رکھتے ہوں۔ پنڈت جواہر لال نہرو (سابق وزیر اعظم ہند) نے اپنی زندگی کے حالات تحریر کیے۔ یہ خود نوشتہ سوانح عمری ۱۹۴۷ سے پہلے شائع ہوئی۔ اس وقت انہوں نے اپنی اس کتاب کو ختم کرتے ہوئے آخر میں یہ الفاظ لکھے تھے : زندگی کا ایک باب ختم ہوا آئندہ کیا ہوگا، کچھ نہیں معلوم۔ کتاب زندگی کے اگلے صفحات سربہر ہیں “

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader