آغازِ کلام
Urdu book, p. 359
By Maulana Wahiduddin Khan
ماحول میں بنے تھے۔ اس بنا پر ان کے فطری اوصاف پوری طرح محفوظ تھے۔ یہی فطری انسان وہ ظرف ہے جو اسلام کی ہدایت کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آدمی جتنا زیادہ فطرت سے دور ہوگا اتنا ہی وہ اسلام سے دور ہوگا، اور جتنا زیادہ وہ فطرت سے قریب ہوگا اتنا ہی وہ اسلام سے قریب ہوگا۔ ۲ نومبر ۱۹۹۴ الطاف حسین حالی ایک مصلح تھے۔ انھوں نے ایک مضمون لکھا تھا۔ اس میں انھوں نے اس عربی مثل کو نقل کیا تھا: دُر مع الدهر حیث دار (زمانے کے ساتھ چلو جدھر وہ جائے) انھوں نے بتایا تھا کہ یہ ابن الوقتی نہیں ہے بلکہ حقیقت پسندی ہے۔ بڑے بڑے ابو الوقت بھی اسی اصول کو اختیار کر کے ابو الوقت بنے ہیں۔ مسدس حالی بہترین اصلاحی کتاب ہے۔ مسلمانوں میں بعض اسباب سے اقبال کے کلام کو عمومی فروغ حاصل ہوا۔ اگر یہی فروغ مسلمانوں میں حالی کے کلام کو ملتا تو یقیناً موجودہ مسلمانوں کی تاریخ اس سے مختلف ہوتی جو آج نظر آرہی ہے۔ اقبال کا کلام مسلمانوں کو جذباتیت کی طرف لے جاتا ہے اور حالی کا کلام حقیقت پسندی کی طرف۔ ۳ نومبر ۱۹۹۴ ڈپٹی نذیر احمد نہایت ذہین آدمی تھے۔ اپنے زمانہ میں وہ بہت مقبول ناول نگار تھے۔ ان کے ایک ناول کا نام ابن الوقت ہے۔ ایک لطیفہ ہے کہ ایک بار ایک میواتی مسلمان گلی قاسم جان (دہلی) آیا جہاں ڈپٹی نذیر احمد رہتے تھے۔ اس نے ڈپٹی صاحب کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ ان کا لڑکا باہر نکلا۔ میواتی نے کہا: ابن الوقت Ibn Al-waqt ہے۔ لڑکے کی سمجھ میں کچھ نہیں آیا۔ اس نے کہا کہ یہاں کوئی ابن الوقت نہیں ہے۔ ڈپٹی نذیر احمد صاحب نے گھر کے اندر سے یہ گفت گو سنی۔ وہ زور سے بولے، ارے بھائی، وہ ابن الوقت مانگ رہا ہے۔ چنانچہ اسے مذکورہ ناول دے دیا گیا اور وہ اس کو لے کر خوشی خوشی چلا گیا۔ سمجھ دار آدمی وہ ہے جو اصل مفہوم کو دیکھے نہ کہ ظاہری الفاظ کو، جو کسی کہنے والے نے اپنی زبان سے کہا ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader