آغازِ کلام
Urdu book, p. 371
By Maulana Wahiduddin Khan
شاید حالات یا جغرافیہ سے بھی بندھا ہوا ہے۔ مخصوص حالات یا مخصوص جغرافیہ میں ایسی دعائیں نکلتی ہیں یا ایسا ذکر زبان پر جاری ہوتا ہے جو اس کے سوا دوسرے احوال و ظروف میں نہیں ہوتا۔ ۳۰ نومبر ۱۹۹۴ بمبئی کے ڈاکٹر عبدالکریم نائیک اکثر افریقہ جاتے ہیں۔ احمد دیدات صاحب سے ان کی کافی ملاقات ہے۔ وہ ساؤتھ افریقہ سے حال میں واپس آئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ احمد دیدات صاحب اپنے وطن ساؤتھ افریقہ میں مقبول نہیں ہیں۔ وہاں لوگ ان کو پسند نہیں کرتے۔ کیوں کہ ان کا انداز ڈیبیٹ اور مناظرہ کا ہے۔ وہ عیسائیوں اور یہودیوں کو گنڈم کرتے ہیں۔ اس سے نفرت اور اشتعال پیدا ہوتا ہے۔ البتہ عرب لوگ ان کو بہت پسند کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عرب کے لوگ شکست کی نفسیات میں مبتلا ہیں۔ وہ یہودیوں اور عیسائیوں کو جنگ کے میدان میں مفتوح نہ کر سکے۔ اب احمد دیدات صاحب تقریر کے اسٹیج پر جب ان کو ”لفظی شکست“ دیتے ہیں تو عربوں کو اس میں دشمن پر فتح کا احساس ہوتا ہے۔ اس لئے وہ احمد دیدات کا استقبال کرتے ہیں۔ یکم دسمبر ۱۹۹۲ ایک پرانی مثل ہے زحمت میں رحمت (blessing in disguise) میں سمجھتا ہوں کہ یہ استثنائی بات نہیں بلکہ یہی تقریباً ہر ایک کا معاملہ ہے۔ اس دنیا میں بیشتر حالات میں یہی ہوتا ہے کہ بظاہر ہر ایک زحمت کی صورت پیش آتی ہے اور اس کے اندر رحمت چھپی ہوئی ہوتی ہے۔ آدمی زحمت والے پہلو میں الجھ کر رہ جاتا ہے ، اور رحمت والے پہلو پر دھیان نہیں دے پاتاہے۔ اس لئے اکثر وہ قیمتی مواقع کو استعمال کرنے سے محروم رہ جاتا ہے۔ صحیح بات یہ ہے کہ آدمی یہ جانے کہ اس دنیا میں اسے زحمتوں کے درمیان زندگی گزارنا ہے۔ زحمتوں میں سے رحمت نکالنا ہی زندگی کا امتحان ہے۔ اگر آدمی پر یہ بات واضح ہو تو وہ مایوسی سے بچ جائے اور نا کامی سے بھی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader