آغازِ کلام
Urdu book, p. 375
By Maulana Wahiduddin Khan
ہیں۔ وہ اس کا کوئی خاص جواب نہ دے سکے۔ میں نے کہا کہ اصل یہ ہے کہ اختلاف زندگی کا ایک حصہ ہے۔ مثلاً میاں بیوی کے تعلق کو لیجیے۔ شہزادہ چارلس سے لیکر آپ تک کوئی بھی ایسا نہیں ہے جس کے اور اس کی بیوی کے درمیان بار بار اختلاف نہ ہوتا ہو۔ مگر ہم اس کو ایڈجسٹمنٹ کا مسئلہ بناتے ہیں نہ کہ تفریق کا مسئلہ۔ اگر اختلاف کو تفریق کا مسئلہ بنایا جائے تو ہر شادی آخر کار طلاق پر ختم ہوگی۔ ہندو اور مسلمان کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے۔ قانون فطرت کے تحت دونوں میں اختلافات واقع ہوں گے۔ مگر ان اختلافات کو ہمیں ایڈجسٹمنٹ کا ایشو بنانا تھا نہ کہ تقسیم ملک کا ایشو۔ اختلافات کو تفریق کا ایشو بنانے ہی کا یہ نتیجہ ہے کہ پاکستان کے مسلمانوں میں ایڈجسٹمنٹ کا ذہن نہیں۔ پہلے وہ ہندوؤں سے لڑتے تھے، اب خود آپس میں لڑتے ہیں۔ اس کا واحد حل یہ ہے کہ لوگوں کی سوچ کو بدلا جائے۔ ۸ دسمبر ۱۹۹۴ ہارون شیخ صاحب (بمبئی) سے ملاقات ہوئی۔ انھوں نے بتایا کہ حال میں وہ جزیرہ لکشادیپ گئے تھے جو کو چین کے قریب ہے۔ وہاں تقریباً دس ہزار کی آبادی ہے۔ اور سب کے سب مسلمان ہیں۔ اور شافعی مسلک پر ہیں۔ وہاں کوئی جھگڑا نہیں ہوتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں ایک دوسرے کے احترام کی روایت بہت گہرائی کے ساتھ موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر میں راستہ میں پیدل چل رہا ہوں اور سامنے سے ایک نوجوان بائیسکل پر آ رہا ہے تو وہ میرے احترام میں بائیسکل سے اتر جائے گا ۔ وغیرہ۔ یہی انسانی روایات کسی معاشرہ میں خیرو صلاح کی ضامن ہیں۔ ان روایات کا توڑنا ہی سماج کو توڑنا ہے۔ اس لئے جب بھی کسی سماج میں کوئی تحریک چلائی جائے تو روایات کو توڑے سے بغیر چلائی جائے ۔ کیونکہ ایک بار اگر کوئی روایت ٹوٹ جائے تو اس کو دوبارہ قائم کرنا انتہائی حد تک دشوار ہو جاتا ہے۔ علامہ اقبال جنوری ۱۹۳۳ میں اسپین گئے۔ وہاں سے وہ قرطبہ پہنچے۔ اور قرطبہ کی

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader