تعبیر کا مسئلہ
Urdu book, p. 205
By Maulana Wahiduddin Khan
تمام متعلق نصوص سے یہی ثابت ہوتا ہے۔ پہلے اور تیسرے نقطہ نظر کے لیے قرآن وسنت میں کوئی براہ راست نص موجود نہیں۔ ان حضرات کا استدلال صرف استنباط پر قائم ہے، اور اسلامی دعوت کا نشانہ متعین کرنے کے لیے استنباطی دلیل ہرگز کافی نہیں ہو سکتی۔ اسلامی دعوت اصلاً یہی ہے کہ تخلیق کے خدائی منصوبہ سے لوگوں کو باخبر کیا جائے۔ اور اس کی بنیاد پر افراد کے اندر ذہنی انقلاب لانے کی کوشش کی جائے۔ اصل دعوتی عمل یہی ہے۔ تاہم ہر اجتماعی عمل کے بہت سے ضمنی نتائج ہوتے ہیں، اسی طرح دعوتی عمل کے بھی ضمنی اور اضافی نتائج ہیں۔ انھیں اضافی نتائج میں سے ایک اہلِ ایمان کی حکومت قائم ہونا ہے۔ تاہم حکومت اسلامی کا قیام اسلامی دعوت کا براہ راست نشانہ نہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کے فیصلہ پر منحصر ہے۔ اللہ اپنے مصالح کے تحت کبھی ایک کے حق میں اور کبھی دوسرے کے حق میں استخلاف فی الارض کا فیصلہ کرتا ہے۔ اس موضوع کی مزید تفصیل راقم الحروف کی حسب ذیل کتابوں میں دیکھی جا سکتی ہے— تعبیر کی غلطی، الاسلام، دین کامل، راہ عمل، احیاء اسلام وغیرہ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader