Urdu book · فکر اسلامی

چند مثالیں

Urdu book, p. 257

By Maulana Wahiduddin Khan

تواضع کی گئی۔ کسی کی آنکھ پھوڑی گئی۔ کسی کا سر پھاڑ دیا گیا۔“(صفحہ 177) یہ الفاظ دور جدید سے بےخبری کا ثبوت ہیں۔ مصنف اگر زمانہ حاضر سے گہری واقفیت رکھتے تو وہ جانتے کہ اس فرق کا سبب زمانی عامل (age factor) ہے۔ قدیم زمانہ مذہبی تعذیب (religious persecution) کا زمانہ تھا، موجودہ زمانہ مذہبی آزادی کا زمانہ ہے۔ مذکورہ فرق لا الہ الا اللہ کے سیاسی مفہوم کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ زمانی فرق کا معاملہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خود سید ابوالاعلیٰ مودودی جو یقینی طور پر اس انقلابی مفہوم کے حامل تھے، انھوں نے اور ان کی جماعت نے غیر منقسم ہندوستان میں دس سال تک اپنے انقلابی مفہوم کے مطابق "اذان" دی۔ مگر یہاں کی حکومت نے بھی اس بنا پر ان کی پکڑ دھکڑ نہ کی۔ اور نہ ان کے سروں پر اس وجہ سے آرے چلائے گئے۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اگر اس زمانی فرق کو جانتے تو اس کو وہ اسلامی دعوت کے حق میں ایک عظیم امکان سمجھتے۔ مگر اس فرق کو حقیقت نہ جاننے کی وجہ سے وہ اس کو استعمال نہ کر سکے۔ مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کی ایک کتاب ”تنقیحات“ ہے۔ اس میں مصنف کے وہ مضامین جمع کیے گئے ہیں جو انھوں نے اسلام اور مغربی تہذیب کے تصادم پر لکھے تھے۔ اس کتاب میں بتایا گیا ہے کہ مغربی تہذیب سراسر باطل تہذیب ہے۔ دہریت، الحاد، لامذہبیت اور مادہ پرستی نے اس کو پیدا کیا ہے۔ مذہب کے خلاف عقل و حکمت کی لڑائی نے اس تہذیب کو جنم دیا ہے (صفحہ 9)۔ اسلام کے اصول تمدن و تہذیب مغربی تہذیب و تمدن کے اصول سے یکسر مختلف ہیں (صفحہ 25)۔ وہ تخم خبیث جو مغرب کی نشأہ ثانیہ کے زمانہ میں بویا گیا تھا، چند صدیوں کے اندر تمدن و تہذیب کا ایک عظیم الشان شجر خبیث بن کر اٹھا ہے جس کے پھل میٹھے مگر زہر آلود ہیں۔ جس کے پھول خوش نما مگر خار دار ہیں۔ جس کی

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page