عصرِ جدید کا مذہب
Urdu book, p. 303
By Maulana Wahiduddin Khan
جیسا کہ اوپر عرض کیا گیا، موجودہ زمانہ میں مذہبی آزادی نے اسلام کی دعوت و اشاعت کے تمام راستے پوری طرح کھول دیے ہیں۔ اب اسلام کے دعوتی عمل کو ہر قوم میں اور ہر ملک میں کسی رکاوٹ کے بغیر جاری کیا جاسکتا ہے۔ کلمہ اسلام کو دنیا کے ہر حصہ میں پہنچانے کے لیے ضروری تھا کہ اس کے مطابق مواصلاتی ذرائع حاصل ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے سائنسی انقلاب کے ذریعہ اس کا اعلیٰ انتظام فرمایا۔ جدید مواصلات ( کمیونیکیشن ) نے ربط و اتصال کو بالکل آسان بنا دیا۔ تیز رفتار سواریاں وجود میں آگئیں۔ اسی طرح پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی صورت میں پیغام رسانی کے اعلیٰ ترین ذرائع ہماری دسترس میں دے دیے گئے۔ اسی کے ساتھ ایک اہم واقعہ یہ ہوا کہ جدید مطالعہ نے اسلام کی صداقت کو علمی اعتبار سے انتہائی حد تک ثابت شدہ بنا دیا۔ تمام سائنسی اور تاریخی دلائل اسلام کی تائید پر اکٹھا ہو گئے ۔ کمیونزم کے انہدام کے بعد اب اسلام بلاشبہ جدید دنیا میں آئیڈیالا جیکل سپر پاور کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ ان انقلابات نے اسلام کے فکری غلبہ کے حق میں تمام امکانات کھول دیے ہیں۔ اب اہل اسلام کا کام صرف یہ ہے کہ ان جدید امکانات کو استعمال کر کے وہ اسلام کی نئی تاریخ بنائیں ۔ جدید انسانی نسلوں کے سامنے اسلام کو پیش کر کے وہ خدا کے منصوبہ کو پورا کر دیں۔ اس قیمتی امکان کو استعمال کرنے کے لیے آج صرف ایک حکمت کی ضرورت ہے ۔ وہ ہے ــــــــ اسلام کو جنگ کے بجائے دعوۃ کا موضوع بنانا۔ ضرورت ہے کہ مسلمان اب ان تمام بے فائدہ لڑائیوں کو ختم کر دیں جو وہ اسلام کے نام پر جگہ جگہ جاری کیے ہوئے ہیں ۔ اس کے بجائے وہ اپنی پوری طاقت کو دعوتی میدان میں لگا دیں۔ اور پھر ان شاء اللہ مستقبل صرف اسلام کے لیے ہوگا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader