پتھر سے پانی
Urdu book, p. 15
By Maulana Wahiduddin Khan
پتھر سے پانی روس کے کچھ ماہرین نے تجربہ کر کے بتایا ہے کہ پتھر کو نچوڑ کر اس سے پانی نکالا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ زمین کے چند میٹر نیچے سے پتھر کی چٹان کا ایک ٹکڑا کاٹ کر نکਾਲئے اور اس کو دھات کے گلاس میں رکھئے پھر اس کے اوپر دس ٹن فی مربع سینٹی میٹر کے حساب سے دباؤ ڈالئے۔ اس کے بعد پتھر سے سیال پانی کے قطرے ٹپکنا شروع ہو جائیں گے۔ یہ قدرت کی ایک نشانی ہے جو ہم کو سبق دیتی ہے کہ اس دنیا میں ہمارے لئے کیا کیا امکانات رکھ دئے گئے ہیں۔” پتھر“ ایک خشک چیز ہے۔ مگر پتھر جیسی خشک چیز بھی اس وقت پانی ٹپکانے لگتی ہے جب کہ اس کو استعمال کیا جائے اور اس کے ساتھ وہ عمل کیا جائے جو مطلوب ہے۔ ایک مسلمان نے شہر میں اپنا مکان بنایا۔ ان کے قریب ہی ایک اور شخص نے گھر بنایا جو کہ دوسرے فرقہ سے تعلق رکھتا تھا۔ وہ ایک ٹھیکیدار آدمی تھا اور بہت تیز تھا۔ مسلمان کے گھر اور ٹھیکیدار کے گھر کے درمیان ایک زمین تھی جس کے بارے میں دونوں میں جھگڑا شروع ہو گیا ہر ایک کا دعویٰ تھا کہ یہ زمین میری ہے۔ ٹھیکیدار نے دیکھا کہ وہ تنہا اپنا مطالبہ منوانے میں کامیاب نہیں ہو رہا ہے، وہ شہر کے فرقہ پرست عناصر کے پاس گیا اور ان کو خوب ورغلایا۔ یہاں تک کہ ایک روز فرقہ پرستوں کی ایک بھیڑ مسلمان کے مکان کے سامنے جمع ہو گئی اور شر انگیز نعرے لگانے لگی۔ مسلمان اپنے گھر سے باہر نکلا تو صورتِ حال کا اندازہ کرنے کے بعد اس نے محسوس کیا کہ یہ لوگ شر پسندی پر آمادہ ہیں اور اگر ذرا سی بھی کوئی اشتعال انگیز بات ہوئی تو جلانے اور بھڑکانے کی سطح پر اتر آئیں گے۔ اس نے کہا، آپ میں نما ئندہ کون لوگ ہیں، وہ باہر آجائیں تاکہ ان سے بات کی جاسکے۔ چنانچہ چار پانچ لیڈر قسم کے آدمی سامنے آگئے۔ مسلمان ان کو اپنے دفتر میں لے گیا۔ جب وہ لوگ سکون کے ساتھ کرسیوں پر بیٹھ گئے تو اس نے کہا کہ بات بہت مختصر سی ہے اور اس کا فیصلہ بہت آسانی سے ہو سکتا ہے۔ پھر اس نے کہا کہ دیکھے زمین کا غذ پر ہوتی ہے زمین کا فیصلہ کاغذ کو دیکھ کر کیا جاتا ہے، جو کا غذات میرے پاس ہیں وہ میں آپ کو دے دیتا ہوں۔ اور جو کاغذات ٹھیکیدار صاحب کے پاس ہیں وہ بھی آپ ان سے لے لیں۔ آپ دونوں کا غذات کو دیکھ لیجئے۔ اس کے بعد آپ جو فیصلہ کریں وہی مجھ کو منظور ہے، یہ سنتے ہی فرقہ پرست لیڈروں کا ذہن بالکل ٹھنڈا پڑ گیا۔ ہر ایک نے کہا کہ ” یہ تو بہت معقول آدمی ہیں۔ یہ سارا فیصلہ خود ہمارے حوالے کر رہے ہیں“، اس کے بعد انھوں نے چند دن کا غذات دیکھنے میں گزارے اور بالآخر خود مسلمان کے حق میں زمین کا فیصلہ کر دیا۔ فرقہ پرست عناصر ابتداءً پتھر تھے۔ مگر مسلمان نے جب ان کے اوپر معقولیت کا دباؤ ڈالا تو پتھر سے پانی ٹپکنا شروع ہو گیا

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader