Urdu book · حقیقت حج

حج ایک تاریخ ساز عمل

Urdu book, p. 63

By Maulana Wahiduddin Khan

ابراہیم علیہ السلام نے فرمایا: جب تمہارا شوہر آئے تو اسے میرا سلام کہنا اور کہنا کہ وہ اپنے دروازے کی چوکھٹ بدل دے۔ جب اسماعیل واپس آئے تو گویا انہوں نے کچھ محسوس کیا اور پوچھا: کیا یہاں کوئی آیا تھا؟ بیوی نے کہا: ہاں، ایک بزرگ آئے تھے، انہوں نے مجھ سے تمھارے بارے میں پوچھا اور میں نے انہیں بتایا۔ انہوں نے ہماری زندگی کے حالات کے بارے میں پوچھا، تو میں نے بتایا کہ ہم تنگ حالی میں ہیں۔ اسماعیل نے پوچھا: کیا انہوں نے میرے لیے تمھیں کوئی پیغام دیا ہے؟ بیوی نے کہا: ہاں، انہوں نے کہا کہ تمہیں سلام کہوں اور یہ کہ تم اپنے دروازے کی چوکھٹ کو بدل دو۔ اسماعیل نے کہا: وہ میرے والد تھے، اور انہوں نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں تمہیں چھوڑ دوں۔ اپنے گھر والوں کے پاس چلی جاؤ۔ چنانچہ اسماعیل نے اسے طلاق دے دی، پھر دوسری عورت سے شادی کرلی۔ حضرت ابراہیم اللہ کے حکم سے کچھ عرصے کے بعد دوبارہ ان کے یہاں تشریف لائے۔ اس وقت بھی اسماعیل گھر پر نہ تھے۔ اس وقت ان کی ملاقات اسماعیل کی دوسری بیوی سے ہوئی، چنانچہ حضرت ابراہیم نے اس سے اسماعیل کے بارے میں پوچھا۔ بیوی نے کہا: وہ ہمارے لیے روزی کی تلاش میں گئے ہیں۔ ابراہیم علیہ السلام نے پوچھا: تمہارے حالات کیسے ہیں؟ بیوی نے کہا: ہم خیر و عافیت میں ہیں اور کشادگی میں ہیں، اور اللہ کی تعریف کی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page