Urdu book · حکمتِ اختلاف

حکمتِ اختلاف

Urdu book, p. 109

By Maulana Wahiduddin Khan

مگر جو شخص اسلام کی روح اور مومنانہ مزاج کو جانتا ہو وہ اس کو وسعتِ نظری قرار دے گا۔ وہ کہے گا کہ دونوں صاحبان مخلص تھے۔ دونوں کا دین ایک تھا۔ البتہ بعض مسائل میں دونوں کی رائے ایک دوسرے سے الگ ہوگئی تھی۔ اور اس قسم کا اختلاف انسانوں کے درمیان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ ہر دور کے مومنین صالحین میں اس قسم کا اختلاف پایا جاتا تھا اور ہمیشہ پایا جاتا رہے گا۔ یہ اختلاف بذات خود کوئی غیر محمود چیز نہیں۔ وہ غیر محمود صرف اس وقت بنتا ہے جب کہ اختلاف صرف اختلاف نہ رہے، وہ نفرت اور عناد تک جاپہنچے۔ اصحابِ رسول کے درمیان بہت سے امور میں اختلاف تھا۔ اسی طرح فقہا اور علما میں اور مفسرینِ قرآن اور شارحینِ حدیث میں ہزاروں اختلاف پائے جاتے ہیں۔ ان لوگوں نے اپنے اختلافات کا برملا اظہار کیا۔ اس کے باوجود ایسا ہوا کہ انھوں نے ایک دوسرے کا اعتراف کیا۔ وہ ہمیشہ ایک دوسرے کی قدردانی کرتے رہے۔ اس دو طرفہ عمل کا سبب زمانہ شناسی نہیں تھا بلکہ دین شناسی تھا۔ ان کا یہ مسلک مفادِ دنیا کی بنا پر نہ تھا بلکہ خوفِ آخرت کی بنا پر تھا۔ اختلاف کے ساتھ اعتراف ایک آدمی کے مومنِ خاشع ہونے کی علامت ہے۔ لیکن بے خبر لوگوں کے لیے وہ مفاد پرستی اور زمانہ شناسی کے ہم معنی بن جاتا ہے۔ اتحاد کی طاقت ٹائیکو براہے۔ (1601-1546 Tycho Brahe) اسکانیہ (ڈنمارک) میں پیدا ہوا، اور پراگ میں اس کی وفات ہوئی۔ جوہانس کیپلر (Johannes Kepler 1571-1630) جرمنی کے وٹمبرگ میں پیدا ہوا، اور ریزنبرگ (Regensburg) میں اس کی وفات ہوئی۔ دونوں فلکیات کے شعبہ میں تحقیق کر رہے تھے۔ مگر دونوں میں سے کوئی بھی اس حیثیت میں نہ تھا کہ وہ عالم افلاک میں کوئی بڑی حقیقت دریافت کر سکے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page