حکمتِ اختلاف
Urdu book, p. 117
By Maulana Wahiduddin Khan
انگلینڈ اور آئرلینڈ میں جو اختلافات ہیں وہ تقریباً اسی قسم کے ہیں جو ہندوستان اور پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔ مثلاً آئرلینڈ والوں کو شکایت ہے کہ انگلینڈ والے عظیم تر انگلینڈ بنانا چاہتے ہیں اور اس میں آئرلینڈ کو ضم کر لینے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہیں، وغیرہ۔ مگر اس قسم کے اختلافات کے باوجود یہاں دونوں ملکوں میں جو مفاہمت ہے وہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ناقابل تصور ہے۔ مغربی دنیا کا مزاج اس انگریزی مثل سے معلوم ہوتا ہے کہ آؤ، ہم اس پر اتفاق کر لیں کہ ہمارے درمیان اختلاف ہے: Let us agree to disagree. اختلاف کے باوجود قدردانی 1987 میں میں نے میوات کا سفر کیا۔ اس سفر کی ایک یادگار شخصیت گلپاڑہ کے حاجی دراب خاں (عمر 80 سال) کی تھی۔ وہ بالکل ان پڑھ ہیں۔ اپنا نام بھی نہیں لکھ سکتے۔ مگر ان کے اندر ایک ایسی خصوصیت ہے جو اپنی معلومات کے مطابق اب تک میں نے کسی عالم کے اندر بھی نہیں پائی، وہ ہے۔ اختلاف کے باوجود قدردانی۔ مولانا عبدالرحیم صاحب (بڈید، ضلع گڑگاؤں) اس سے پہلے گلپاڑہ کے مدرسہ میں استاد تھے۔ وہ یہاں ساڑھے تین سال تک امام اور مدرس کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔ 1969ء میں وہ یہاں سے چھوڑ کر چلے گئے۔ دیہات کے لوگوں کو اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں میں اماموں اور مدرسوں سے شکایت ہو جاتی ہے۔ چنانچہ گلپاڑہ کے لوگوں کو بھی ہوئی ۔ انہی میں سے ایک حاجی دراب خان بھی تھے ۔ ان کے الفاظ میں ان کی ”اس مولوی سے لڑائی رہنے لگی۔“

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader