Urdu book · حکمتِ اختلاف

اختلاف کو حل کرنے کی تدبیر

Urdu book, p. 41

By Maulana Wahiduddin Khan

ہے ۔ یہ ایک لمبی روایت ہے، اس کا آخری حصہ یہ ہے: وَإِنِّي لَا أَخَافُ عَلَى أُمَّتِي إِلَّا الْأَئِمَّةَ الْمُضِلِّينَ، فَإِذَا وُضِعَ السَّيْفُ فِي أُمَّتِي لَمْ يُرْفَعْ عَنْهُمْ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ (مسند احمد، حدیث نمبر 17115)_ یعنی مجھے اپنی امت کے بارے میں سب سے زیادہ اندیشہ گمراہ کن لیڈروں سے ہے اور جب تلوار میری امت میں داخل ہوگی تو پھر وہ اس سے قیامت تک نہیں اٹھائی جائے گی۔ اس حدیث کا مطلب دراصل یہ ہے کہ امت میں جب اختلافات پیدا ہوں گے تو نا اہل لیڈر ڈفرنس مینجمنٹ کے اصول پر اس کو رفع نہ کر سکیں گے بلکہ وہ اختلاف کو دور کرنے کے نام پر لڑائی چھیڑ دیں گے اور جب ایک بار امت میں دین کے نام پر لڑائی کی روایت قائم ہو گئی تو اجتماعی نفسیات کی بنا پر وہ قیامت تک جاری رہے گی۔ حدیث کی یہ پیشین گوئی بدقسمتی سے امت کی بعد کی تاریخ کے بارے میں درست ثابت ہوئی۔ امت کے اندر وضع سیف ( بذریعہ تلوار فیصلہ ) کا طریقہ خلیفہ ثالث حضرت عثمان بن عفان کی شہادت کے ساتھ شروع ہوا۔ اس کے بعد وہ اس طرح مسلسل جاری ہو گیا کہ امت کی ہزار سالہ تاریخ میں وہ کبھی ختم نہیں ہو پایا۔ خلیفہ چہارم اور دمِ عثمان کے نام پر اٹھنے والوں کے درمیان جنگ ، حضرت حسین اور یزید کے درمیان جنگ ، بنوامیہ اور بنو عباس کے درمیان جنگ ، سنی اور شیعہ کے درمیان جنگ ، مغلوں اور غیر مغلوں کے درمیان جنگ ، اسی طرح موجودہ زمانہ میں سیکولر حکمرانوں اور اسلام پسند جماعتوں کے درمیان جنگ ، وغیرہ سب اسی کی مثالیں ہیں۔ حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اِخْتِلَافُ أُمَّتِی رَحْمَة ( المقاصد الحسنة للسخاوی، حدیث نمبر 39)_ یعنی، میری امت کا اختلاف رحمت ہے۔ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ اختلاف (difference) خدا کے تخلیقی نقشہ کا ایک حصہ ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page