دارالاسلام، دارالکفر، دارالحرب
Urdu book, p. 27
By Maulana Wahiduddin Khan
فیصلہ گروہی تعلق کی بنیاد پر نہیں ہو گا بلکہ حقیقی کردار کی بنیاد پر ہوگا۔ اس طرح کے قرآنی بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ صحیح اسلامی نقطۂ نظر یہ ہے کہ انسانوں کو خدا کی نسبت سے (God vs man) دیکھا جائے نہ کہ مسلم ورسز نان مسلم کی نسبت (Muslim vs non-Muslim) کی نسبت سے۔ کسی کا جو مقام خدا کی نسبت سے متعین ہو وہی اس کا مقام ہے، دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔ مسلمانوں کی نسبت سے دوسرے انسانوں کا مقام (status) متعین کرنا ایک قومی نقطۂ نظر ہے، اس کا قرآن یا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ خدا کے تخلیقی نقشہ (creation plan) کے خلاف ہے۔ کیوں کہ خدا نے یہ دنیا سارے انسانوں کے لیے بنائی ہے، نہ کہ صرف مسلمانوں کے لیے۔ قرآن میں خدا جب لوگوں کو خطاب کرتا ہے تو وہ بار بار ایھا الانسان اور ایھا الناس جیسے الفاظ استعمال کرتا ہے۔ ایسی حالت میں قرآن کی روشنی میں دار کا تعین کرنا ہو تو کہا جائے گا کہ ساری دنیا دارالنسان ہے۔ ایک طرف خدا ہے اور دوسری طرف تمام انسان۔ مذکورہ اصلاح سازی کے نتیجہ میں مسلمانوں کے اندر وہ تفریقی نظریہ پیدا ہوا جس کو ہم اور وہ (we and they) کا نظریہ کہا جاتا ہے۔ اس تصور کے تحت مسلمان انسانی تاریخ کو صرف اپنے ریفرنس میں دیکھنے لگے۔ وہ اپنی نسبت سے دوسروں کا درجہ متعین کرنے لگے۔ ایک کو انہوں نے مسلم قوم کہا اور دوسرے کو انہوں نے کافر قوم قرار دیا۔ اب یہ ہوا کہ جو لوگ ان کے اپنے ہم مذہب (co-religionist) تھے ان کو انہوں نے اپنا سمجھا اور جو لوگ دوسرے مذہب پر قائم تھے ان کو انہوں نے غیر (other) کی حیثیت دے دی۔ اپنے سوا جو دوسرے لوگ تھے وہ ان کے لیے یا تو ”کافر“ بن گئے یا امکانی دشمن (potential enemy)۔ قرآن کی ساری بشارتیں انہوں نے اپنے خانہ میں لکھ لیں اور قرآن کی ساری وعیدیں انہوں نے دوسروں کے خانہ میں ڈال دیں۔ انسانیت کا درجہ مسلمانوں کے حوالے سے مقرر کرنے کا یہ طریقہ سراسر قرآن کے خلاف تھا۔ قرآن کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآن انسانیت کا درجہ خدا کی نسبت سے متعین کرتا ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader