Urdu book · اسلام اور عصر حاضر

عقیدہ خدا اور اسلام

Urdu book, p. 27

By Maulana Wahiduddin Khan

عقیدہ خدا اور اسلام یہاں میں یہ اضافہ کرنا چاہتا ہوں کہ عقیدہ خدا کو صرف اصولی طور پر ثابت کر دینا کافی نہیں ہے اسی کے ساتھ ایک عملی سوال بھی ہے۔ وہ یہ کہ خدا اگر ہے تو اس کے ساتھ ہمارا کیا تعلق ہے۔ انسان کے لئے خدا کو ماننے کی صحیح ترین صورت کیا ہے۔ یہاں ہمارے سامنے مختلف مذاہب آتے ہیں۔ اب کچھ لوگوں کی رائے یہ ہے تمام مذاہب سچے ہیں، اس لئے تم خواہ جس مذہب کے مطابق خدا کو مانو تمھاری نجات ہو جائے گی۔ اس میں شک نہیں کہ تمام مذاہب جو خدا کی طرف سے آئے وہ سب یکساں تھے ۔ مگر مشکل یہ ہے کہ آج وہ ہمارے سامنے یکساں حالت میں موجود نہیں۔ ایک اور دوسرے مذہب میں آج کافی اختلافات پائے جاتے ہیں۔ ایسی حالت میں ایک سنجیدہ آدمی کے لئے صرف ایک ہی طریقہ ہے۔ وہ یہ کہ وہ مختلف مذاہب کو تاریخی معیار پر جانچے ۔ جو مذہب تاریخی طور پر معتبر اور مستند ثابت ہو اس کو لے لے اور جو مذہب اس تاریخی معیار پر پورا نہ اترے اس کو یہ سمجھ کر چھوڑ دے کہ وہ بعد کے زمانہ میں اپنی اصل حالت میں محفوظ نہ رہ سکا۔ جب ہم اس معیار کو تسلیم کرتے ہیں تو ہم کو معلوم ہوتا ہے کہ یہاں صرف ایک ہی مذہب ہے جو تاریخ کے اصولوں پر مستند ثابت ہوتا ہے اور وہ اسلام ہے۔ اب ہر سنجیدہ آدمی کو یہ کرنا چاہئے کہ وہ اسلام کو اختیار کرلے ۔ کیوں کہ اسلام اس کے لئے کوئی الگ دین نہیں۔ یہ دراصل اس کا اپنا ہی مذہب ہے جو صحیح اور محفوظ حالت میں اس تک پہنچ رہا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page