Urdu book · اسلام اور عصر حاضر

حقیقت کی تلاش

Urdu book, p. 28

By Maulana Wahiduddin Khan

حقیقت کی تلاش کائنات ایک بہت بڑی کتاب کی مانند ہمارے سامنے پھیلی ہوتی ہے مگر یہ ایک انوکھی کتاب ہے جس کے کسی صفحے پر اس کا موضوع اور اس کے مصنف کا نام تحریر نہیں ، اگر چہ اس کتاب کا ایک ایک حرف بول رہا ہے کہ اس کا موضوع کیا ہو سکتا ہے اور اس کا مصنف کون ہے ۔ جب کوئی شخص آنکھ کھولتا ہے اور دیکھتا ہے کہ وہ ایک وسیع و عریض کائنات کے درمیان کھڑا ہے تو بالکل قدرتی طور پر اس کے ذہن میں یہ سوال آتا ہے کہ __ ”میں کیا ہوں اور یہ کائنات کیا ہے “، وہ اپنے آپ کو اور کائنات کو سمجھنے کے لئے بے چین ہوتا ہے۔ اپنی فطرت میں سموئے ہوئے اشارات کو پڑھنے کی کوشش کرتا ہے ۔ دنیا میں وہ جن حالات سے دوچار ہورہا ہے، چاہتا ہے کہ ان کے حقیقی اسباب معلوم کرے۔ غرض اس کے ذہن میں بہت سے سوالات اٹھتے ہیں جن کا جواب معلوم کرنے کے لئے وہ بے قرار ہوتا ہے مگر وہ نہیں جانتا کہ ان کا جواب کیا ہے۔ یہ سوالات محض فلسفیانہ قسم کے سوالات نہیں ہیں بلکہ یہ انسان کی فطرت اور اس کے حالات کا قدرتی نتیجہ ہیں۔ یہ ایسے سوالات ہیں جن سے دنیا میں تقریباً ہر شخص کو ایک بار گزرنا ہوتا ہے ۔ جن کا جواب نہ پانے کی صورت میں کوئی پاگل ہو جاتا ہے ، کوئی خودکشی کر لیتا ہے ، کسی کی ساری زندگی بے چینیوں میں گزر جاتی ہے ، اور کوئی اپنے حقیقی سوال کا جواب نہ پا کر نشہ آور چیزوں یا ظاہری تماشوں میں کھو جاتا ہے اور چاہتا ہے کہ ان میں گم ہو کر اس ذہنی پریشانی سے نجات حاصل کر لے۔ وہ جو کچھ حاصل کر سکتا ہے اس کو حاصل کرنے کی کوشش میں اس کو بھلا دیتا ہے جس کو وہ حاصل نہ کر سکا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page