Urdu book · اسلام کا تعارف

اسلام کا مختصر تعارف

Urdu book, p. 19

By Maulana Wahiduddin Khan

جوڑنے کے لئے کیا کرے۔ اس سلسلہ میں جو کچھ آپ نے بتایا ہے اس کو تین عنوانات کے تحت جمع کیا جاسکتا ہے۔ ذکر، عبادت، قربانی۔ ذکر سے مراد یہ ہے کہ خدا کے ساتھ اپنے تعلق کو ہر آن ذہن میں تازہ رکھا جائے اور خدا کو اس کی تمام حیثیتوں کے ساتھ اس طرح یاد کیا جاتا ہے جس طرح رسول نے یاد کرنے کے لئے بتایا ہے۔ عبادت سے مراد وہ مخصوص بدنی افعال ہیں جو شریعت میں اس لئے مقرر کئے گئے ہیں تا کہ انسان کی مادی حیثیت پر اس کی روحانی حیثیت کو غالب کیا جائے اور اس سے ایسے اعمال کرائے جائیں جو نفسیاتی طور پر اس کو خدا سے قریب کرنے والے ہوں۔ قربانی اپنے جذبات اور اپنے اثاثے کو خدا کی راہ میں خرچ کرنے کا نام ہے۔ انسان جب اپنی محبوب چیزوں کو خدا کے نام پر قربان کرتا ہے تو گویا وہ اپنے احساسات کو خدا کے تابع کرتا ہے اور اپنی دلچسپیوں کو آخری حد تک خدا کی طرف موڑنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس طرح یہ قربانی آدمی کو اس کے رب سے بالکل قریب کر دیتی ہے۔ یہ ذکر و عبادت اور قربانی ایک دوسرے سے الگ الگ چیزیں نہیں ہیں۔ بلکہ ایک ہی حقیقت کے مختلف مظاہر ہیں۔ یہ انسان کی طرف سے اپنے رب کے لئے انتہائی تعلق کا اظہار ہے۔ بندہ جب اپنے محبوب آقا کو اپنے دل اور اپنی زبان سے یاد کرتا ہے تو اس کو ہم ذکر کہتے ہیں، جب وہ جذبات سے بے خود ہو کر اپنے آپ کو خدا کے آگے ڈال دیتا ہے تو اس کا نام عبادت ہے اور جب وہ اپنی ساری متاع حیات کو خدا کے لئے لٹا دیتا ہے تو یہی قربانی ہے۔ رسول ان چیزوں کا طریقہ بتاتا ہے اور اس کے لئے آدمی کو تیار کرتا ہے۔ چوتھی چیز انسان کا انفرادی اخلاق اور اس کا اجتماعی قانون ہے۔ اس سلسلے میں نہایت تفصیلی ہدایات دی گئی ہیں۔ ایک فرض شناس اور حق پسند زندگی کے لئے جن صحیح ترین اصولوں کی ضرورت ہے وہ سب نہایت وضاحت سے بتا دیئے گئے ہیں۔ لیکن صرف انفرادی وعظ سے کسی سماج کے اندر عمومی اصلاح نہیں ہو سکتی اور نہ یہی ممکن ہے کہ اصلاح یافتہ اشخاص دیر تک اپنے رویے پر باقی رہ سکیں۔ اس لئے ہمہ گیر نوعیت کا سماجی قانون بھی ہمارے حوالے کیا گیا ہے تا کہ اس کی بنیاد پر ایک اسٹیٹ بنائی جائے اور سماجی پیمانے پر خدا کی مرضی قائم کرنے کی جدوجہد کی جائے۔ دوسرے لفظوں میں اسلام

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page