اسلام کیا ہے
Urdu book, p. 19
By Maulana Wahiduddin Khan
شکر تمام عبادتوں کا خلاصہ ہے۔ عبادت کی تمام صورتیں دراصل شکر کے جذبہ ہی کی عملی تصویر ہیں۔ شکر سب سے زیادہ جامع اور سب سے زیادہ کامل عبادت ہے۔ شکر خدا پرستانہ زندگی کا خلاصہ ہے۔ شکر کا تعلق انسان کے پورے وجود سے ہے۔ ابتدائی طور پر آدمی اپنے دل اور اپنے دماغ میں شکر کے احساس کو تازہ کرتا ہے پھر وہ اپنی زبان سے بار بار اس کا اظہار کرتا ہے۔ اس کے بعد جب شکر کے جذبات قوی ہو جاتے ہیں تو انسان اپنے مال اور اپنے اثاثہ کو اظہار شکر کے طور پر خدا کی راہ میں خرچ کرنے لگتا ہے۔ اسی طرح اس کا جذبہ شکر اس کو مجبور کرتا ہے کہ وہ اپنے وقت اور اپنی طاقت کو اس خدا کی راہ میں صرف کرے جس نے اس کو وقت اور طاقت کا یہ سرمایہ دیا ہے۔ ہمارا وجود پورا کا پورا خدا کا دیا ہوا ہے۔ ہم ایک ایسی دنیا میں جیتے ہیں جو سب کا سب خدا کا عطیہ ہے۔ اسی حقیقت کے اعتراف اور اظہار کا دوسرا نام شکر ہے۔ ذکر اسلام کی ایک بنیادی تعلیم ذکر ہے۔ ذکر کے معنی یاد کے ہیں یعنی خدا کو یاد کرنا۔ خدا کو بھولنے کی حالت کا نام غفلت ہے اور خدا کو یاد رکھنے کی حالت کا نام ذکر۔ یہ ذکر ایک فطری حقیقت ہے۔ انسان ہر لمحہ ان چیزوں کا تجربہ کرتا ہے جن کا تعلق براہ راست خدا سے ہے۔ وہ سورج اور چاند، دریا اور پہاڑ، ہوا اور پانی کو دیکھتا ہے جو سب کی سب خدا کی پیدا کی ہوئی ہیں۔ اسی طرح تمام مخلوقات جو انسان کے سامنے آتی ہیں وہ سب اس کو خالق کی یاد دلاتی ہیں۔ زمین سے لے کر آسمان تک جو چیزیں ہیں وہ سب خدا کے جمال و کمال کے مظاہر ہیں۔ وہ اپنے پورے وجود کے ساتھ خدا کی ہستی کا تعارف ہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader