Urdu book · اسلام کیا ہے

روزہ

Urdu book, p. 25

By Maulana Wahiduddin Khan

اسی کے ساتھ حج ساری دنیا کے خدا پرستوں کو متحد کرتا ہے۔ وہ دنیا بھر کے ایمان والوں کے ذہن میں اس حقیقت کو تازہ کرتا ہے کہ ان کی نسلیں اور ان کی قومیتیں خواہ الگ الگ ہوں، مگر ایک خدا پر عقیدہ ان کے عالمی اتحاد کی مضبوط بنیاد ہے۔ وطن کے اعتبار سے وہ خواہ کتنے ہی مختلف ہوں مگر ایک خدا کا پرستار ہونے کے اعتبار سے وہ سب کے سب ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے۔ حج اصلا خدا کی عبادت ہے مگر عملی اعتبار سے اس میں دوسرے بہت سے ملی فائدے بھی شامل ہوجاتے ہیں۔ انھیں میں سے ایک ملی اتحاد ہے۔ اخلاق اخلاق سے مراد باہمی سلوک ہے۔ اخلاق اس برتاؤ کا نام ہے جو روز مرہ کی زندگی میں ایک آدمی دوسرے آدمی کے ساتھ کرتا ہے۔ اس اخلاق کا اصول کیا ہو۔ اس کا سادہ اصول یہ ہے— تم دوسروں کے لیے وہی چاہو جو تم اپنے لیے چاہتے ہو، تم دوسروں کے ساتھ ویسا ہی برتاؤ کرو جیسا برتاؤ تم اپنے لیے پسند کرتے ہو۔ ہر آدمی جانتا ہے کہ وہ میٹھے بول کو پسند کرتا ہے۔ اس لیے ہر آدمی کو چاہیے کہ وہ دوسروں سے بولے تو میٹھے انداز میں بولے۔ ہر آدمی چاہتا ہے کہ دوسرا اس کی راہ میں کوئی پرابلم نہ کھڑا کرے، اس لیے ہر آدمی کو چاہیے کہ وہ دوسروں کی راہ میں کوئی پرابلم کھڑا کرنے سے اپنے آپ کو بچائے۔ ہر آدمی چاہتا ہے کہ دوسرے لوگ اس کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کا معاملہ کریں۔ اس لیے ہر آدمی کو یہ کرنا چاہیے کہ جب بھی اس کا سابقہ دوسروں سے پڑے وہ ان سے ہمدردی اور تعاون کا معاملہ کرنے کی کوشش کرے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page