Urdu book · اسلام کیا ہے

اسلام کیا ہے

Urdu book, p. 45

By Maulana Wahiduddin Khan

امن کائنات کا دین ہے۔ امن فطرت کا عالمگیر قانون ہے۔ خدا کو امن کی حالت پسند ہے، اس کو بے امنی کی حالت پسند نہیں۔ یہی واقعہ اس بات کے لیے کافی ہے کہ مومن امن کو پسند کرے ۔ وہ کسی حال میں امن کے خاتمہ کو برداشت نہ کر سکے۔ خدا پرستانہ زندگی اسلام کا مقصد یہ ہے کہ آدمی کو ایسا بنایا جائے کہ وہ دنیا میں خدا پرستانہ زندگی گزارنے لگے۔ وہ غیر خدا پرستانہ زندگی کو مکمل طور پر چھوڑ دے۔ غیر خدا پرستانہ زندگی یہ ہے کہ آدمی کی دل چسپیاں خدا کے سوا دوسری چیزوں میں لگی ہوئی ہوں۔ اس کی توجہ کا مرکز مخلوقات ہوں نہ کہ خالق۔ وہ دوستی کرے تو خدا کے لیے کرے اور دشمنی کرے تو خدا کے لیے کرے۔ اس کی سوچ اور جذبات کا مرکز پوری طرح خدا کی ذات بن جائے۔ جب آدمی کسی منزل پر پہنچنے کے لیے ایک راستہ کو اختیار کرتا ہے تو وہ اس کو ضروری سمجھتا ہے کہ وہ دائیں بائیں مڑے بغیر اپنے راستہ پر چلتا رہے۔ کیوں کہ اس کے بغیر وہ منزل تک نہیں پہنچ سکتا۔ یہی معاملہ انسان اور خدا کا بھی ہے۔ موجودہ دنیا میں کوئی انسان جب اپنی زندگی شروع کرتا ہے تو ایک راستہ وہ ہوتا ہے جو خدا کی طرف جاتا ہے۔ اسی کے ساتھ دوسرے بہت سے راستے ہوتے ہیں جو ادھر اُدھر مڑ کر کسی اور منزل کی طرف جا رہے ہوتے ہیں۔ سچے طالب خدا کا طریقہ یہ ہے کہ وہ اہتمام کے ساتھ خدا والے راستے پر چلتا رہے۔ وہ ہرگز دائیں اور بائیں جانے والے راستوں کی طرف نہ مڑے ۔ جو آدمی خدا کی طرف جانے والے سیدھے راستے پر قائم رہے وہ بلاشبہ خدا تک پہنچے گا۔ اس کے برعکس جو آدمی ادھر اُدھر مڑ جائے وہ درمیان میں بھٹک کر رہ جائے گا۔ وہ کبھی خدا تک پہنچنے والا نہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page