Urdu book · اظہارِ دین

سائنس اور الہیات

Urdu book, p. 19

By Maulana Wahiduddin Khan

سائنس اور الہیات پروفیسر پال ڈیویز (Paul Davies) مشہور امریکی رائٹر ہیں۔ وہ ایری زونا اسٹیٹ (Arizona State) یونیورسٹی میں ایک ریسرچ سنٹر (Beyond) کے ڈائریکٹر ہیں۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی ایک کتاب کا نام گولڈی لاکس انگما (Goldilocks (Enigma ہے ۔ حال میں ان کا ایک مقالہ مجلہ گارجین (Guardian Newspapers (Limited 2007 میں چھپا ہے۔ اس مقالے کو انگریزی اخبار ہندو (The Hindu) نے اپنے شمارہ 27 جون 2007 میں اس عنوان کے تحت شائع کیا ہے ۔ تخلیق پسندوں کے استدلال میں دراڑ: Flaw in creationists' argument مضمون نگار لکھتے ہیں کہ "سائنس داں دھیرے دھیرے ایک ناگوار سچائی (inconvenient truth) تک پہنچ رہے ہیں، وہ یہ کہ کائنات ایک نہایت محکم کا ئنات ہے۔ سائنس داں چالیس سال سے کائنات میں کام کرنے والے قوانین طبیعی کی تحقیق کر رہے ہیں۔ یہ تحقیق، کائنات کے پیچھے ایک شعوری وجود (concious being) کی طرف اشارہ کر رہی ہے۔ کائنات کے قوانین میں سے کسی ایک کو بھی اگر بدلا جائے تو اس کا نتیجہ نہایت مہلک ہوگا۔ کائنات اتنی زیادہ منظم ہے کہ اس کے موجودہ ڈھانچے میں معمولی تبدیلی بھی اس کو درہم برہم کرنے کے لیے کافی ہے۔ مثال کے طور پر ساری کائنات ایٹم سے بنی ہے۔ اور ہر ایٹم نیوٹران اور پروٹان کا مجموعہ ہے۔ نیوٹران کسی قدر وزنی ہوتا ہے اور پروٹان کسی قدر ہلکا۔ یہ تناسب بے حد اہم ہے۔ کیوں کہ اگر اس کا الٹا ہو، یعنی پروٹان بھاری ہو اور نیوٹران ہلکا، تو معلوم قوانین کے مطابق، ایٹم کا وجود ہی نہ رہے گا۔ جب نیوکلیس نہ ہوگا تو ایٹم بھی نہ ہوگا، اور جب ایٹم نہ ہوگا تو کیمسٹری بھی نہیں ہوگی۔ اور جب کیمسٹری نہیں ہوگی تو زندگی بھی نہیں ہوگی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page