Urdu book · اظہارِ دین

مسیحی پوپ کا بیان

Urdu book, p. 200

By Maulana Wahiduddin Khan

مسیحی پوپ نے اپنے اس لکچر میں چودھویں صدی عیسوی کے بازنتینی کنگ، مینويل دوم (Manual II) کے ایک قول کو نقل کیا تھا۔ وہ قول یہ تھا ـــ مجھے محمد کی لائی ہوئی کوئی ایسی بات بتاؤ جو نئی ہو: Show me just what Muhammad brought that was new. بازنتینی کنگ کی یہ بات پوپ نے کسی تنقید کے بغیر نقل کی ہے۔ مگر بلاشبہ یہ ایک ایسی بات ہے، جو خلاف واقعہ بھی ہے اور غیر سنجیدہ بھی۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ دعویٰ نہ تھا کہ وہ کوئی نئی چیز لائے ہیں، یا انھوں نے کوئی نیا مذہب پیش کیا ہے۔ انھوں نے جو کیا وہ صرف یہ تھا کہ پچھلے مذاہب، جو ملاوٹ کا شکار ہو گئے تھے اور اس بنا پر اصل خدائی مذہب ان کے یہاں گم ہو کر رہ گیا تھا، پیغمبر اسلام نے اس کی تصحیح کی۔ انھوں نے خدا کی مدد سے خدا کے دین کا اصل ورژن (version) دنیا کے سامنے پیش کیا۔ یہی پیغمبر اسلام کا اصل کنٹری بیوشن ہے۔ یہ کنٹری بیوشن اتنا بڑا ہے کہ اس سے بڑا اور کوئی کنٹری بیوشن نہیں ہو سکتا۔ خدا نے پچھلے زمانوں میں بہت سے پیغمبر بھیجے ۔ یہ تمام پیغمبر ایک ہی خدائی دین کو لے کر آئے، لیکن قدیم زمانے میں کسی متن (text) کو اس کی اصل صورت میں محفوظ رکھنے کا کوئی باقاعدہ نظم نہ تھا۔ اس لیے پچھلے پیغمبروں کو لایا ہوا دین، تبدیلی اور ملاوٹ کا شکار ہو گیا۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے خدا کی وحی کے مطابق، خدا کے اصل دین کو جانا اور اس کو اس کی اصل صورت میں محفوظ کر دیا۔ خدائی مذہب کا محفوظ متن نہ ہونے کی وجہ سے انسان گمراہی کی حالت میں پڑا ہوا تھا۔ تلاش کے باوجود اس کو سچائی نہیں ملتی تھی۔ پیغمبر اسلام کی لائی ہوئی ہدایت الہی نے تاریخ بشری کے اس خلا کو پر کر دیا۔ اب یہ ممکن ہو گیا کہ کوئی متلاشی روح جب حق کی دریافت کرنا چاہے تو وہ اس کو یقین کے ساتھ دریافت کر سکے۔ یہ ایک عظیم خدائی تحفہ ہے جو پیغمبر اسلام کے ذریعے انسانیت کو ملا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page