Urdu book · اظہارِ دین

ایک یادگار دن

Urdu book, p. 272

By Maulana Wahiduddin Khan

مطابق، غالباً صرف ایک کتاب ہے جو براہِ راست طور پر اس موضوع سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ کتاب اصلاً فرانسیسی زبان میں لکھی گئی تھی۔ اس کتاب کے مصنف فرانس کے ڈاکٹر موریس بکائی (Maurice Bucaille) ہیں۔ یہ کتاب پہلی بار 1975 میں شائع ہوئی۔ اس کتاب کا نام یہ ہے: The Bible, the Quran, and Science مگر یہ کتاب بھی اصل ضرورت کو پورا نہیں کرتی۔ اس کتاب میں قرآن کے صرف ایک پہلو پر کچھ شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ وہ دین اسلام کا سائنسی تعارف نہیں۔ اس اعتبار سے اس کتاب کو زیادہ سے زیادہ اسلام کی ایک جزئی خدمت کہا جا سکتا ہے۔ جیسا کہ عرض کیا گیا، راقم الحروف نے عصری اسلوب میں اسلام کے تعارف کو اپنا خصوصی موضوع بنایا۔ میری تمام کتابیں، براہِ راست یا بالواسطہ طور پر، اسی موضوع سے متعلق ہیں۔ میں اپنے بارے میں کہہ سکتا ہوں کہ میں نے اپنی پوری زندگی اسی کام پر وقف کر دی ۔ میرے نزدیک اس موضوع کے بنیادی طور پر دو پہلو ہیں ؀ سائنسی اسلوب میں اسلامی تعلیمات کی تبئین، جدید علمی دریافتوں کی روشنی میں اسلامی تعلیمات کو مدلّل انداز میں پیش کرنا۔ مثال کے طور پر، ’تذکیر القرآن‘ اور ’مطالعہ سیرت‘ پہلی قسم کی کتب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اور ’مذہب اور جدید چیلنج‘ اور ’عقلیاتِ اسلام‘ کو دوسری نوعیت کی کتابوں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ میری تقریباً تمام کتابیں براہِ راست یا بالواسطہ طور پر انھیں دونوں پہلوؤں کی مثالیں ہیں۔ سائنٹفک اسلوب کیا ہے، اس کو ایک لفظ میں، مبنی بر حقیقت اسلوب کہا جا سکتا ہے، یعنی حقیقت نگاری کا اسلوب۔ پرنٹنگ پریس کے زمانے میں تصنیف و تالیف کا رواج بہت زیادہ بڑھا اور کثیر تعداد میں کتابیں شائع ہوئیں، لیکن یہ تمام کتابیں قدیم روایتی اسلوب میں تھیں۔ قدیم روایتی اسلوب میں مسجّع اور مقفّیٰ (rhymed) عبارتیں، تمثیلی استدلال، خطیانہ نثر، انشائیہ اسلوب، شاعرانہ اندازِ تحریر اور ادبی طرزِ نگارش کا رواج تھا۔ یہی اسلوب موجودہ زمانے میں بھی کم وبیش

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page