Urdu book · کامیاب خاندانی زندگی

سوال و جواب

Urdu book, p. 149

By Maulana Wahiduddin Khan

لیے ایک لائف پارٹنر حاصل کرنے کا نام ہے۔ زوجین کو چاہیے کہ وہ نکاح کے معاملے کو اسی نقطۂ نظر سے دیکھیں ۔ اس معاملے میں وہ جذباتی مغلوبیت کے تحت کوئی کام نہ کریں، بلکہ خالص عقلی فیصلے کے تحت کام کریں۔ لو آفیئر (love affair) یا لو میرج صرف وقتی جذباتیت کا نتیجہ ہوتی ہے، جب کہ نکاح کا تعلق عورت یا مرد کی پوری زندگی سے ہوتا ہے۔ اس معاملے میں دانش مندانہ فیصلہ ہمیشہ کے لیے آدمی کی زندگی کو خوش گوار بنا دیتا ہے۔ اس کے برعکس، جذباتی فیصلہ ہمیشہ کے لیے اُس کی زندگی کو تلخ بنا دیتا ہے۔ اس دنیا میں عقلی فیصلے کا نتیجہ کامیابی ہے اور جذباتی بہاؤ کا نتیجہ ناکامی۔ سوال عرض ہے کہ میں ازدواجی زندگی کے مسائل میں گھرا ہوا ہوں۔ مجھ کو اپنی بیوی کی طرف سے مسلسل شکایت رہتی ہے۔ وہ خود کو بدلنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کا ذہنی معیار بہت پست ہے۔ اس لیے گھر میں طرح طرح کے مسائل پیدا ہوتے رہتے ہیں۔ اس کی وجہ سے میں سخت قسم کے ذہنی تناؤ میں مبتلا ہوں۔ براہ مہربانی، میرے اس مسئلے کا کوئی حل تجویز فرمائیں۔ (ایک قاری الرسالہ، جموں وکشمیر) جواب آپ جس ذہنی تناؤ میں مبتلا ہیں، اس کا حل صرف ایک ہے اور وہ ہے اس کا سبب خود اپنے اندر ڈھونڈنا۔ اب تک آپ اس کا سبب فریقِ ثانی کے اندر ڈھونڈتے رہے۔ اب آپ یہ کیجیے کہ اس کا سبب اپنے اندر تلاش کیجیے اور خود اپنے آپ کو بدلیے۔ آپ کے مسئلے کا یہی واحد حل ہے۔ اس کے سوا کوئی اور ممکن حل موجود نہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page