کامیاب خاندانی زندگی
Urdu book, p. 73
By Maulana Wahiduddin Khan
زندگی میں ہر ایک کے لیے سب سے زیادہ اہمیت یہ ہے کہ وہ اپنے اندر اعلیٰ شخصیت کی تعمیر کرے۔ خالق کی طرف سے ہر عورت اور مرد کو اعلیٰ امکانات (potentials) عطا کیے جاتے ہیں، لیکن اس امکان کو واقعہ بنانا ہر عورت اور مرد کا اپنا کام ہے۔ امکانات دینا خالق کا کام ہے، لیکن امکانات کو واقعہ بنانا ہمیشہ آدمی کا اپنا کام ہوتا ہے۔ اس معاملے میں پہلی چیز یہ ہے کہ ہر عورت اور ہر مرد اپنی امکانی صلاحیتوں کو دریافت کرے ۔ اس کے بعد ہر ایک کو یہ کرنا ہے کہ وہ مقصدی بنیادوں پر اپنی زندگی کی منصوبہ بندی کرے ۔ وہ مطالعے اور تجربے کے ذریعے اپنے ذہن کی تشکیل کرے۔ وہ اس ہنر کو جانے جس کو ٹائم مینجمنٹ (time management) کہا جاتا ہے۔ وہ اپنے تمام ذرائع کو اپنے مقصد کے حصول میں لگا دے۔ با مقصد زندگی ایک طریق حیات ہے۔ اس طریق حیات کو کامیابی کے ساتھ اختیار کرنے کے لیے سادگی لازمی طور پر ضروری ہے۔ سادگی آدمی کو اس نقصان سے بچاتی ہے کہ وہ اپنے پیسے یا اپنے ذرائع کو غیر ضروری چیزوں میں لگا دے اور پھر وہ مقصد کے حصول میں زیادہ کارگر جد و جہد نہ کر سکے۔ اس معاملے میں غفلت ہر ایک کے لیے تباہ کن ہے۔ ایک دانش مند خاتون مہاراشٹرا کے ایک خاندان کا واقعہ میرے علم میں آیا۔ ایک لڑکی کی شادی اس کی اپنی پسند کے مطابق، ایک تعلیم یافتہ مسلمان سے ہوئی۔ دونوں ایک ساتھ رہنے لگے۔ ان کے یہاں ایک لڑکا بھی پیدا ہوا، لیکن جلدی ہی دونوں میں اختلافات شروع ہو گئے۔ بڑھتے بڑھتے نوبت یہاں تک پہنچی کہ لڑکی اپنے شوہر سے خفا ہو کر اپنے میکے میں اپنی ماں کے پاس چلی گئی ۔ اور ماں سے اپنے شوہر کے خلاف شکایتی باتیں بتانے لگی ۔ ماں نے سننے کے بعد کہا کہ شادی دو بار نہیں کی جاتی۔ یا تم اپنے شوہر سے نباہ کرو یا زہر کھا کر مر جاؤ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader