کامیاب خاندانی زندگی
Urdu book, p. 80
By Maulana Wahiduddin Khan
اپنی نام نہاد محبت کی بنا پر ایسی باتیں کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی بیٹی کو نئی زندگی کا شعور حاصل نہیں ہوتا۔ والدین اپنی بیٹی کے ساتھ یہ معاملہ محبت کے نام پر کرتے ہیں، لیکن انجام کے اعتبار سے وہ دشمنی ہوتا ہے۔ والدین تو کچھ دنوں کے بعد اس دنیا سے چلے جاتے ہیں، لیکن اپنی بیٹی کو وہ ہمیشہ کے لیے ایک غیر حقیقی مسئلے میں مبتلا کر کے چھوڑ جاتے ہیں۔ مجھے ایک باپ کا حال معلوم ہے۔ نکاح کے بعد جب انہوں نے اپنی بیٹی کو رخصت کیا تو انہوں نے اپنی بیٹی سے کہہ دیا کہ جہاں تم جارہی ہو، وہی اب تمہارا گھر ہے۔ وہیں کے ماں باپ، تمہارے ماں باپ ہیں۔ ہم تمہارے لیے دعا کرتے رہیں گے، لیکن اس حقیقت کو سمجھ لو کہ اب تمہارا گھر بھی بدل چکا ہے اور تمہارے ماں باپ بھی۔ بیٹی کے لیے اپنے والد کی یہ نصیحت بہت مفید ثابت ہوئی۔ سسرال پہنچتے ہی انہوں نے سسرال کو اپنا گھر بنا لیا۔ اس کے بعد ان کو زندگی کی وہ تمام خوشیاں اپنی سسرال میں مل گئیں جو انہیں اس سے پہلے اپنے میکے میں حاصل تھیں۔ زندگی میں کامیابی کا راز حقیقت پسندی ہے۔ اسی طرح زندگی کے تمام مسائل کا سبب غیر حقیقت پسندانہ مزاج ہے۔ جو عورت یا مرد اس راز کو سمجھ لیں، وہ یقینی طور پر اپنی زندگی کو خوشگوار بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ میکے اور سسرال کا فرق ایک لڑکی کی جب اپنے میکے میں ہوتی ہے تو وہ ان لوگوں کے درمیان ہوتی ہے جن سے اس کا خونی تعلق ہے۔ اس خونی تعلق کی بنا پر ایسا ہوتا ہے کہ میکے میں اس کو یک طرفہ محبت کے ماحول میں جینا ہوتا ہے۔ میکے میں لڑکی کے لیے یہ ماحول ہوتا ہے کہ تم کچھ نہ کرو تب بھی تم کو ہر چیز ملتی رہے گی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader