دعوت حق
Urdu book, p. 192
By Maulana Wahiduddin Khan
کرتے ہوئے اس سے یوں ہم کلام ہوا جائے : اے جناب نابینا صاحب ، آپ سے مودبانہ گزارش ہے کہ آپ جس راستہ پر جارہے ہیں ، اس راستہ پر آپ تشریف نہ لے جائیں ، کیوں کہ اس میں آپ کے آگے ایک گہرا کنواں ہے۔ اس نابینا کے معاملہ میں ہر آنکھ والا آدمی بلاغت کے مذکورہ اصول کو برتے گا۔ وہ صرف کنواں کنواں پکارے گا۔ اس کے سوا ہر بات کو وہ نظر انداز کر دے گا۔ کوئی آدمی ہرگز اس کے خلاف نہیں کر سکتا۔ مگر ایک اور شدید تر معاملہ میں ہر آدمی اس اصول کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، اور وہ دعوت حق کا معاملہ ہے۔ موجودہ دنیا میں جو بھی آیا ہے ، اس کو لازماً مرنا ہے۔ کوئی شخص اپنے آپ کو موت سے بچ نہیں سکتا۔ مزید یہ کہ موت کا کوئی وقت مقرر نہیں۔ کیوں کہ ہم دیکھتے ہیں کہ یہاں بچے بھی مرتے ہیں اور جوان بھی اور بوڑھے بھی۔ اسی طرح کوئی بیمار ہو کر مرتا ہے کوئی اچانک تندرستی کی حالت میں مر جاتا ہے۔ موت کا وقت مکمل طور پر لامعلوم ہے۔ ہر آدمی کے لئے ہروقت اندیشہ ہے کہ اس کی موت آجائے اور موجودہ دنیا سے اس کا رشتہ ٹوٹ جائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر آدمی ہر لمحہ موت کے کنارے کھڑا ہوا ہے۔ ہر آدمی ہر آن مذکورہ نابینا سے لاکھوں اور کروڑوں گنا سے بھی زیادہ سنگین خطرے سے دوچار ہے۔ کیوں کہ اندھے کی غفلت اس کو صرف ایک کنویں میں گرا سکتی ہے ، جب کہ موت سے غفلت آدمی کو جہنم میں گرا دے گی ، جو تمام مصیبتوں سے زیادہ بڑی مصیبت ہے۔ اب جو لوگ موت کے معاملہ میں ” آنکھ والے “ ہیں۔ یعنی وہ جانتے ہیں کہ موت زندگی کا خاتمہ نہیں ، موت اگلی دنیا میں داخلہ کا دروازہ ہے جہاں ہر آدمی کا عمل دیکھا جائے گا اور اس کے مطابق اس کو جنت یا جہنم میں داخل کیا جائے گا۔ ایسے باخبر لوگ بے خبروں کے معاملہ میں کیا کریں گے۔ کیا ان کے سامنے وہ فلاح دنیا یا نظام کامل کی تجویز پیش کریں گے ۔ نہیں۔ وہ چلا اٹھیں گے : ” موت ، موت “۔ وہ کہیں گے کہ اے لوگو ، اپنے آپ کو آگ سے بچاؤ ، خواہ کھجور کے ایک ٹکڑے ہی کے ذریعہ کیوں نہ ہو ( اتقو النار ولو بشق تمرة ) مگر موجودہ زمانہ میں جو لوگ اسلام کے نام پر تحریکیں چلا رہے ہیں ، ان کو ہم دیکھتے ہیں کہ کوئی شخص آزادی کا نعرہ لگارہا ہے اور کوئی شخص اقامت نظام کا ۔ کوئی ظلم کو مٹانے کے لئے مجاہدین کی فوج تیار رہا ہے اور کوئی عالمی سطح پر حکومت الہیہ قائم کرنے کا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader