Urdu book · کاروانِ ملّت

دعوت حق

Urdu book, p. 194

By Maulana Wahiduddin Khan

ہر ایک گھنٹہ پر ان کی ڈیوٹی بدلتی ہے۔ ایک گھنٹہ پورا ہوتے ہی دوسرے فوجی خاص انداز سے آتے ہیں، اب پہلے دو چلے جاتے ہیں اور دوسرے دو ان کی جگہ پر دوبارہ بے حس و حرکت کھڑے ہو جاتے ہیں۔ یہ سلسلہ رات اور دن جاری رہتا ہے اور اسی طرح سالہا سال سے جاری ہے۔ لینن کے مقبرہ کے پاس اس قسم کے تقدیسی مناظر کو دیکھ کر میں نے کہا کہ یہ غلط ہے کہ کمیونسٹ سماج نے خدا کو چھوڑ دیا۔ زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ کمیونسٹ سماج نے خالق کو چھوڑ کر ایک مخلوق کو اپنا معبود بنا لیا۔ ماسکو میں میں نے کئی لوگوں سے پوچھا کہ کیا آپ خدا میں عقیدہ رکھتے ہیں۔ ہر ایک نے کہا کہ نہیں۔ اس کے با وجود ہر ایک لینن کی عظمت کے احساس میں دبا ہوا تھا۔ کمیونسٹ سوسائٹی کا آدمی خدا کو رد کر سکتا تھا، مگر وہ اپنی فطرت کو رد نہیں کر سکتا تھا۔ چنانچہ اس نے ایک خدا کو چھوڑ کر اگر وہ اپنے آپ کو دوسرے خدا کے آگے جھکانے سے باز نہ رکھ سکا۔ یہی وہ سب سے بڑی غلطی ہے جس میں ہر انسان مبتلا ہے۔ اب داعی کا کام یہ ہے کہ وہ انسان کو بتائے کہ تم وضع الشی فی غیر موضعه کی غلطی کر رہے ہو۔ تم نے اپنے جذبہ تقدیس اور احساس عبودیت کا مرکز غیر اللہ کو بنا رکھا ہے۔ تم کو چاہئے کہ تم ان جذبات کا مرکز ایک اللہ کو بناؤ۔ یہ تمہارے لئے وضع الشی فی موضعه کے ہم معنی ہو گا اور وہ تمہارے لئے ابدی کامیابی کا ضامن ہو جائے گا۔ صحیح استعمال ، غلط استعمال موجودہ دنیا میں انسان حالت امتحان میں ہے۔ یہ امتحان کس چیز میں ہے۔ وہ استعمال فطرت کے معاملہ میں ہے۔ انسان کے اندر پیدائشی طور پر کچھ مانگیں یا کچھ تقاضے رکھے گئے ہیں۔ اب اللہ یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ ہم ان مانگوں اور ان تقاضوں کو صحیح رخ پر استعمال کرتے ہیں یا غلط رخ پر۔ مدت امتحان پوری ہونے کے بعد آدمی جب اگلی دنیا میں داخل ہو گا تو اسی صحیح یا غلط استعمال پر اس کے ابدی مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انسان کے اندر فطری طور پر یہ طلب موجود ہے کہ وہ کسی کو اپنا بڑا مانے اور اس کے آگے غیر مشروط طور پر اپنے آپ کو جھکا دے۔ اس طلب کا صحیح استعمال یہ ہے کہ وہ ایک اللہ کو بڑا مانے اور صرف اسی کے سامنے جھکے۔ اس طلب کا غلط استعمال یہ ہے کہ وہ اللہ کے سوا دوسری چیزوں کو بڑائی کا درجہ دے اور ان کے سامنے جھکنے لگے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page