Urdu book · کاروانِ ملّت

اسلامی دعوت بدلتی ہوئی دنیا میں

Urdu book, p. 229

By Maulana Wahiduddin Khan

آپ کو جب بھی محسوس ہو کہ دوسرے شخص کی لکیر بڑی ہو گئی ہے تو دوسرے کی لکیر کو چھوٹا کرنے کے پیچھے نہ پڑئے ۔ آپ صرف یہ کیجئے کہ وہی طاقت تعمیر کے راستوں میں لگا کر اپنی لکیر کو بڑا کر لیجئے ۔ اس کے بعد وہی مقصد زیادہ بہتر طور پر حاصل ہو جائے گا جو آپ اپنے تخریبی منصوبوں کے ذریعہ نا کام طور پر حاصل کرنا چاہتے تھے ۔ اگر آپ کھلی آنکھ سے دیکھیں تو دونوں قسم کی مثالیں آپ کو اپنے آس پاس ہی دیکھنے کو مل جائیں گی۔ وہ مثالیں بھی جب کہ ایک شخص نے دوسرے کی لکیر کو چھوٹا کرنا چاہا، مگر آخر کار جو نتیجہ ہوا وہ یہ کہ خود اس کی اپنی لکیر مزید چھوٹی ہو کر رہ گئی۔ اسی کے ساتھ وہ مثال بھی جب کہ ایک شخص دوسرے کے پیچھے پڑنے کے بجائے خود اپنی لکیر کو بڑا کرنے میں لگ گیا۔ اور چند برسوں کے بعد تمام دیکھنے والوں نے دیکھا کہ اس کی لکیر بڑی ہو گئی ہے اور دوسرے کی لکیر چھوٹی ۔ اگر چہ دنیا میں پہلے قسم کی مثالیں بہت زیادہ ہیں، اور دوسرے قسم کی مثالیں اس کے مقابلہ میں بہت کم۔ تعمیر وترقی کی یہ کار گر تدبیر ایک شخص کے لیے بھی ہے اور پوری قوم کے لیے بھی۔ انفرادی سطح کی کامیابی بھی اسی طریقہ سے حاصل ہوتی ہے اور اجتماعی سطح کی کامیابی بھی اسی طریقہ سے موجودہ دنیا میں حقیقی اور پائیدار کامیابی حاصل کرنے کا اس کے سوا اور کوئی طریقہ نہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page